اسرائیلی فوج نے میرے گھر پر حملہ کیا: آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایتکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2025
اسرائیلی فوج نے میرے گھر پر حملہ کیا: آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایتکار
اسرائیلی فوج نے میرے گھر پر حملہ کیا: آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی ہدایتکار

 



یروشلم: آسکر ایوارڈ جیتنے والے فلسطینی فلم ڈائریکٹر باسل عدرا نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں واقع ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان کی اہلیہ کا موبائل فون ضبط کر لیا۔ عدرا نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گاؤں پر دھاوا بولا، جس کے دوران ان کے بھائی زخمی ہو گئے۔

ہدایتکار نے مزید بتایا کہ گاؤں کے ایک رہائشی خاندان نے انہیں مطلع کیا کہ اسرائیلی افواج نے ان کے گھر پر بھی حملہ کیا ہے۔ عدرا کے مطابق، فوجیوں نے ان کی بیوی سُہا سے ان کا (عدرا کا) پتہ پوچھا اور ان کا فون لے لیا۔ اس وقت گھر میں ان کی 9 ماہ کی بیٹی بھی موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی خیریت جاننے کے لیے گھر نہیں جا سکے کیونکہ فوج نے گاؤں میں داخلے کے راستے بند کر دیے ہیں۔ ہدایتکار نے اندیشہ ظاہر کیا کہ انہیں بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ کیے جانے کے بعد، جس میں دو اسرائیلی شہری زخمی ہوئے، فوجی گاؤں میں داخل ہوئے۔

فوج کے مطابق، فوجی اب بھی علاقے میں موجود ہیں، سرچ آپریشن اور مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ باسل عدرا کو اپنی دستاویزی فلم "نو ادر لینڈ" (No Other Land) کے لیے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے ہفتے کے روز پیش آنے والے واقعے کو "خوفناک" قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا، "اگر آپ صرف آبادکاروں کی ویڈیو بھی بنا رہے ہوں، تب بھی فوج آتی ہے، آپ کا پیچھا کرتی ہے، آپ کے گھر کی تلاشی لیتی ہے۔ یہ پورا نظام ہم پر حملہ کرنے اور ہمیں خوفزدہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔"