غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحانہ پیش قدمی جاری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2025
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحانہ پیش قدمی جاری
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحانہ پیش قدمی جاری

 



غزہ : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ سٹی میں اپنی جارحانہ کارروائیوں میں تیزی لا رہی ہیں، جن کا مقصد طاقت کے زور پر زمینی حقائق کو بدلنا اور شہری املاک کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے۔

حماس کے میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل الثوابۃ نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ: قابض اسرائیلی افواج غزہ شہر کے مختلف علاقوں میں جارحانہ پیش قدمی کر رہی ہیں۔ یہ حملے سابقہ کارروائیوں سے کہیں زیادہ خطرناک نوعیت کے ہیں، جن کا اصل مقصد غزہ میں زمینی کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل "جلا دو" کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت شہری علاقوں، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔ حماس کے بیان سے قبل ہی اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں مزید آپریشنز کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی تھی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ آپریشنز شروع کیے گئے، تو پہلے سے ہی جنگ سے متاثرہ غزہ میں صورتحال مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے فوری طور پر حماس کے تازہ الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں اسرائیل یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ اس کی فوجی کارروائیاں حماس کے عسکری نیٹ ورک کے خلاف ہیں۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف غزہ بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ عالمی برداری کی نظریں اب اس بات پر لگی ہیں کہ کیا فریقین کسی ممکنہ جنگ بندی یا مذاکرات کی جانب بڑھیں گے، یا پھر یہ تصادم مزید شدت اختیار کرے گا۔