دبئی: ایران کی عدلیہ نے اتوار کے روز کہا کہ تہران کی ایوین جیل پر گزشتہ پیر کو اسرائیل کے حملے میں کم از کم 71 افراد ہلاک ہوئے۔ اس جیل میں کئی سیاسی کارکن قید ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی "میزان" کی ویب سائٹ پر اتوار کو نشر ہونے والی خبر کے مطابق عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ملازمین، فوجی اہلکار، قیدی اور ملاقات کے لیے آئے اہل خانہ شامل ہیں۔
تاہم انہوں نے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے ہلاک شدگان کی الگ الگ تعداد نہیں بتائی۔ عدلیہ کے اس دعوے کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔ یہ حملہ 23 جون کو ہوا، جو اسرائیل اور ایران کے درمیان نافذ جنگ بندی سے ایک دن پہلے کا واقعہ ہے، جس میں جیل کی کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔
جہانگیر نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کچھ کا موقع پر ہی علاج کیا گیا، جبکہ دیگر کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حملے کے دن نیویارک میں قائم ’سینٹر فار ہیومن رائٹس ان ایران‘ نے جیل پر حملے کے لیے اسرائیل پر تنقید کی تھی۔
اس گروپ نے یہ بھی کہا کہ ایران قانونی طور پر ایوین جیل میں قید قیدیوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے اور حملے کے بعد تہران کے حکام کی جانب سے "انخلا مہم چلانے، طبی امداد فراہم کرنے یا اہل خانہ کو مطلع کرنے میں ناکامی" پر تنقید کی تھی۔ اسرائیل نے 13 جون کو ایران کے کئی اہم ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا تاکہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکا جا سکے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آٹھ جوہری مراکز اور 720 سے زائد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں تقریباً 30 ایرانی کمانڈر اور 11 جوہری سائنس دان مارے گئے۔ واشنگٹن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق کم از کم 417 عام شہریوں سمیت 1,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔