دیِر البلح (غزہ پٹی): اسرائیل نے غزہ شہر میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور اس کے فضائی حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طبی عملے نے ہفتہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں سے شہر خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ شِفا اسپتال کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12 بچے شامل ہیں۔
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ شہر میں حملے تیز کر دیے ہیں، کئی بلند و بالا عمارتوں کو تباہ کر دیا ہے اور حماس پر الزام لگایا ہے کہ ان میں نگرانی کے آلات نصب کیے گئے تھے۔ اسرائیل نے رہائشیوں کو شہر چھوڑنے کا حکم دیا ہے، جو کہ سب سے بڑے فلسطینی شہر پر قبضہ کرنے کی کارروائی کا حصہ ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ حماس کا آخری گڑھ ہے، جہاں لاکھوں لوگ اب بھی قحط کی کیفیت سے دوچار ہیں۔
صحت کے حکام نے بتایا کہ رات بھر اور ہفتہ کی صبح کیے گئے حملوں میں سے ایک نے شیخ رضوان محلے کے ایک مکان کو نشانہ بنایا، جس میں ایک عورت اور اس کے تین بچوں سمیت 10 افراد پر مشتمل خاندان ہلاک ہو گیا۔ تصاویر میں حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ اسرائیلی فوج نے حملوں کے بارے میں کیے گئے سوالات کا فوری جواب نہیں دیا۔
امدادی کارکنوں کے مطابق، بڑھتی ہوئی دشمنی اور شہر خالی کرنے کی اپیل کے پیش نظر حالیہ ہفتوں میں شہر چھوڑنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تاہم کئی خاندان نقل و حمل اور رہائش کے اخراجات کے باعث اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ بعض لوگ کئی بار بے گھر ہو چکے ہیں اور اب دوبارہ جانا نہیں چاہتے، کیونکہ انہیں یقین نہیں کہ اس علاقے میں ان کے لیے کہیں بھی کوئی محفوظ جگہ ہے۔
سوشل میڈیا پر ہفتہ کو ایک پیغام میں اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں موجود باقی فلسطینیوں سے کہا کہ وہ ’’فوری طور پر‘‘ وہاں سے نکل کر جنوب کی جانب اس علاقے میں جائیں جسے وہ انسانی ہمدردی کا علاقہ قرار دے رہی ہے۔ فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے کہا کہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ غزہ شہر چھوڑ چکے ہیں۔
غزہ میں عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سربراہی میں ایک اقدام کے مطابق، گزشتہ ہفتے تک 86,000 سے زیادہ خیمے اور دیگر سامان کی فراہمی کے لیے اب بھی غزہ میں داخلے کی منظوری کا انتظار تھا۔
غزہ کی وزارت صحت نے ہفتہ کو کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غذائی قلت سے متعلق وجوہات کے باعث بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے، جس سے جنگ کے آغاز کے بعد سے اس طرح مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 420 ہو گئی ہے، جن میں 145 بچے شامل ہیں۔ غزہ شہر میں جمعہ کی رات کی گئی بمباری، اسرائیل کی جانب سے قطر میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے چند دن بعد کی گئی ہے۔
اس حملے سے دہشت گرد گروپ کے خلاف اس کی مہم مزید تیز ہو گئی ہے اور غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ غزہ میں اب بھی یرغمال بنائے گئے افراد کے اہل خانہ اسرائیل سے حملے روکنے کی اپیل کر رہے ہیں، انہیں خوف ہے کہ ان کے رشتہ دار مارے جائیں گے۔
غزہ میں اب بھی 48 یرغمالی ہیں، جن میں سے تقریباً 20 کے زندہ ہونے کا اندازہ ہے۔ غزہ میں جنگ اُس وقت شروع ہوئی تھی جب 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں شدت پسندوں نے جنوبی اسرائیل پر دھاوا بول کر 251 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا اور تقریباً 1,200 افراد کو قتل کر دیا تھا۔