اسرائیل, مسلمانوں کے پرامن اجتماع کا احترام کرے:اقوام متحدہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-05-2021
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس

 

 

جنیوا

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے پرامن اجتماع کا احترم اور تحمل کا مظاہرہ کرے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 'سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں مسلسل کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا'۔

بیان میں کہا گیا کہ انتونیو گوتریس نے 'شیخ جراح اور سلوان کے علاقوں سے فلسطینی خاندانوں کی ممکنہ بے دخلی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا'۔ انہوں نے 'اسرائیل پر زور دیا کہ وہ انہدام اور بے دخلی کے عمل کو بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی روشنی میں روک دے'۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ 'اسرائیلی حکام تحمل کا مظاہرہ کریں اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام کریں'۔ بیان کے مطابق 'سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ مقدس مقامات کا تقدس برقرار رکھا جائے اور احترام کیا جائے'۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اپنا عزم دہرایا اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں، بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر تنازع کو حل کریں۔

خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے بیت المقدس میں خصوصی عبادات کے لیے مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہونے والے سیکڑوں فلسطینیوں کو مسلسل دوسری رات بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 80 افراد زخمی ہوئے جن میں کم سن اور ایک سال کی عمر کا بچہ بھی شامل تھا جبکہ 14 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اس سے قبل جمعہ کو مشرقی بیت المقدس میں رات کے وقت ہونے والی جھڑپ میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینی صحت ورکرز نے بتایا تھا کہ کم از کم 205 فلسطینی اور 17 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ (ایجنسی ان پٹ)