اسرائیل کی شام میں زمینی پیش قدمی، دو نئے چیک پوائنٹس قائم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2025
اسرائیل کی شام میں زمینی پیش قدمی، دو نئے چیک پوائنٹس قائم
اسرائیل کی شام میں زمینی پیش قدمی، دو نئے چیک پوائنٹس قائم

 



دمشق: اسرائیل کی جانب سے شام پر حالیہ شدید فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی زمینی افواج نے جنوبی شامی صوبے قنیطرا میں پیش قدمی کرتے ہوئے دو نئے چیک پوائنٹس قائم کر لیے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ گولان ہائیٹس سے آگے بڑھتے ہوئے قنیطرا کے سرحدی علاقوں میں یہ چیک پوائنٹس بنائے، جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

شام کے سرکاری ٹیلی وژن نے ان کارروائیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ شامی حکام کے مطابق یہ پیش قدمی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے شام پر ایک بڑے فضائی حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

اسرائیلی مؤقف ہے کہ یہ حملے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیے گئے، تاہم ان کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل کی جانب سے شام میں فضائی حملوں، ڈرون حملوں اور گولہ باری کے تقریباً 600 واقعات پیش آ چکے ہیں۔

ان حملوں کے نتیجے میں شامی شہریوں کے ساتھ ساتھ فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل ماضی میں یہ دعویٰ کرتا رہا ہے کہ اس کی کارروائیاں شام میں موجود ایران نواز گروہوں کے خلاف ہوتی ہیں، تاہم شام اور اس کے اتحادی ان حملوں کو جارحیت قرار دیتے ہیں۔

قنیطرا اور گولان ہائیٹس کا علاقہ پہلے ہی طویل عرصے سے تنازع کا شکار ہے، اور حالیہ پیش رفت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔