تل ابیب/ آواز دی وائس
اسرائیلی پارلیمان کے اسپیکر امیر اوہانا نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کنیسٹ میں خطاب کی دعوت دی ہے اور انہیں "یہودی قوم کے جدید تاریخ میں سب سے بڑے دوست اور حلیف" قرار دیا ہے۔ جمعرات کو جاری کیے گئے ایک خط میں اوہانا نے ٹرمپ کی قیادت اور بصیرت کو سراہتے ہوئے لکھا کہ اُنہوں نے نہ صرف 7 اکتوبر کو حماس کے ہاتھوں اغوا کیے گئے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ممکن بنایا بلکہ ایک بے مثال علاقائی معاہدہ بھی طے پایا جسے مشرقِ وسطیٰ کے تقریباً تمام ممالک نے قبول کیا ہے۔
اپنے خط میں اوہانا نے کہا کہ اسرائیل کے عوام ٹرمپ کو "یہودی قوم کے جدید تاریخ میں سب سے بڑے دوست اور حلیف" کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اسی لیے میرے لیے یہ نہایت اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں آپ کو باضابطہ طور پر دعوت دیتا ہوں کہ آپ کنیسٹ میں قوم سے خطاب فرمائیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ آپ کا خطاب کسی بھی برسرِ اقتدار امریکی صدر کی جانب سے پہلا خطاب ہوگا، صدر جارج ڈبلیو بش کے 2008 کے دورۂ اسرائیل کے بعد۔ یہ ہمارے لیے آپ کی صدی میں ایک بار ملنے والی قیادت اور ریاستِ اسرائیل و ریاستہائے متحدہ امریکہ کے درمیان ناقابلِ شکست اتحاد پر ہماری ابدی تشکر کا اظہار ہوگا۔ اسرائیل آپ کا منتظر ہے امن کے صدر کا۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا کہ یہ کامیابی "بہادر سپاہیوں کی قربانی، وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے عزم، اور ٹرمپ کی اُن کے ساتھ برسوں پرانی مضبوط شراکت کے بغیر ممکن نہ ہوتی۔
مزید کہا گیا کہ یروشلم کو ہمارا ابدی دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں امریکی سفارت خانہ منتقل کرنے سے لے کر، جولان کی پہاڑیوں پر ہماری خودمختاری کی توثیق تک، تاریخی ابراہیم معاہدوں کی تشکیل سے لے کر ایران کی جوہری تنصیبات کے خاتمے تک، اور اب اس تاریخی دن تک آپ نے ثابت کیا ہے کہ آپ کی قیادت میں امریکہ نہ صرف ایک عسکری طاقت ہے بلکہ ایک اخلاقی طاقت بھی ہے، اور امن صرف طاقت کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا، سی این این نے حکام کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے پہلے مرحلے کی شرائط اب نافذ العمل ہو گئی ہیں، کیونکہ اسرائیلی حکومت نے امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور اُن کے داماد جیرڈ کُشنر بھی یروشلم میں ہونے والے اسرائیلی کابینہ کے اُس اجلاس میں موجود تھے، جہاں حکومت نے جنگ بندی کے معاہدے پر ووٹنگ کی۔