اسرائیل کی مذمت،ایران کی حمایت ہے: ایرانی صدر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2025
اسرائیل کی مذمت،ایران کی حمایت ہے: ایرانی صدر
اسرائیل کی مذمت،ایران کی حمایت ہے: ایرانی صدر

 



تہران:اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے حالیہ سربراہی اجلاس میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے نہ صرف خطے میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، بلکہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام ممالک نے یک زبان ہو کر ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، جو ایران کے لیے ایک مضبوط سفارتی حمایت کی علامت ہے۔

صدر پزشکیان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ہمسائیہ ممالک کو باہمی تعلقات کے فروغ، تجارتی مواقع کے اشتراک، ڈیجیٹل ایجادات، سیاحت، اور ٹرانزٹ جیسے اہم شعبوں میں مل کر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ای سی او کے رکن ممالک یکجہتی کے ساتھ کام کریں تو یہ تنظیم پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

انہوں نے پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ایران کو اسرائیل کی طرف سے بارہ دن تک مسلسل جارحیت کا سامنا رہا، جس میں نہ صرف شہری آبادی بلکہ حساس جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں 900 سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے۔ صدر کے مطابق ان حملوں کے بعد ایران نے جس طرح اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، اُس پر ای سی او کے رکن ممالک کی طرف سے ایران کو جو یکجہتی اور اخلاقی حمایت حاصل ہوئی، وہ قابل تحسین ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم سمیت ترکیہ، آذربائیجان اور ازبکستان کے رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی استحکام کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے پاکستان کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ یہ اجلاس نہ صرف ایران کے مؤقف کو تقویت دینے کا موقع بنا، بلکہ خطے کے ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور باہمی تعاون کی نئی راہیں بھی کھول گیا۔