آوارہ کتوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری کیا نوٹس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-11-2021
 آوارہ کتوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری کیا نوٹس
آوارہ کتوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری کیا نوٹس

 


اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو زہر دے کر تکلیف سے مارنے پر چیئرمین سی ڈی اے، وائلڈ لائف بورڈ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری کی جانب سے دائر درخواست پر سنیچر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے، چیئر پرسن اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ اور میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے نمائندوں کے ذریعے عدالتی احکمات کی خلاف ورزی پر وضاحت دیں۔

عدالت کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ’جانوروں کو تکلیف سے مارنے سے روکا گیا تھا جبکہ آوارہ کتوں کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنے کے احکمات جاری کیے گئے تھے، اور یہ توقع ظاہر کی گئی تھی کہ پالیسی مرتب کرتے وقت بین الاقوامی طریقہ کار اور اسلامی تعلیمات کو مد نظر رکھا جائے گا۔‘

عدالت نے کہا کہ ’چیئر پرسن وائلڈ لائف بورڈ اس عدالت کو مطمئن کریں کہ عدالتی احکامات کے مطابق آوارہ کتوں کو تکلیف سے بچانے کے لیے کیا پالیسی بنائی گئی تھی اور وضاحت دیں کہ عدالتی احکامات کو نظر انداز کرنے کے ذمہ داران کے خلاف کیوں نہ قانونی کارروائی کی گئی۔‘

عدالت نے 16 نومبر کو کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔