ڈبلن میں آئرلینڈ-ہند اقتصادی مشاورتی پینل کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2025
ڈبلن میں آئرلینڈ-ہند اقتصادی مشاورتی پینل کا آغاز
ڈبلن میں آئرلینڈ-ہند اقتصادی مشاورتی پینل کا آغاز

 



ڈبلن: ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، انٹرپرینیورشپ اور جدت طرازی کے تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش کے طور پر حال ہی میں معزز نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے خارجہ امور و تجارت، سائمن ہیریس نے ایک اعلیٰ سطحی آئرلینڈ-ہند اقتصادی مشاورتی پینل کا آغاز کیا۔

اس مشاورتی پینل میں آئرلینڈ سے منسلک کئی نامور ہندوستانی صنعتکار شامل ہیں، جن میں ٹاٹا ٹرسٹس، ٹرینٹ اور ٹاٹا انویسٹمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین اور ٹاٹا انٹرنیشنل کے منیجنگ ڈائریکٹر نوئل ٹاٹا، بایوکان کی سی ای او کرن مجومدار شا، ٹیک مہندرا کے سی ای او محیط جوشی، ووک ہارڈٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر مرتضیٰ خوراکی والا اور انوکارا و ٹوِن اِٹ کے شریک بانی اور آئرلینڈ کے اعزازی قونصل (چنئی) راجیو میچری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آئرلینڈ کے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے سینئر نمائندے بھی پینل میں شریک ہیں۔

پینل کی عوامی لانچنگ

4 ستمبر 2025 کو اقتصادی مشاورتی پینل کی عوامی لانچنگ کے موقع پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن کا انعقاد ہوا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں نائب وزیر اعظم سائمن ہیریس نے ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان مضبوط تاریخی رشتوں، معاشی، ثقافتی اور عوامی روابط کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ ہندوستان-آئرلینڈ تعلقات میں موجود عظیم اور غیر معمولی امکانات کا اعتراف ہے کہ میں نے اس سال کے اوائل میں حکومت کے سامنے ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ روابط کو بڑھانے کے لیے ایک ایکشن پلان پیش کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان مزید معاشی روابط اور تجارت کے مواقع بے پناہ ہیں اور میرا عزم ہے کہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ یہ بالکل اس وقت حکومت کے ایکشن پلان برائے مارکیٹ ڈائیورسفیکیشن کے مطابق ہے تاکہ آئرش کاروباری اداروں کے لیے دنیا بھر میں مواقع پیدا کیے جا سکیں۔"

ہندوستانی وفد کی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں

اس موقع پر مشاورتی پینل میں شامل ہندوستانی صنعتکاروں نے آئرلینڈ کے معزز وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم، وزیر برائے عوامی اخراجات، انفراسٹرکچر، عوامی خدمات کی اصلاحات و ڈیجیٹلائزیشن سے ملاقات کی اور وزیر مملکت نیل رچمنڈ کی میزبانی میں منعقدہ بزنس راؤنڈ ٹیبل میں بھی شریک ہوئے۔ تاریخی ٹرینیٹی کالج ڈبلن کی صدر نے اپنے رہائش گاہ پر ہندوستانی معزز مہمانوں کے اعزاز میں ایک نجی عشائیہ دیا۔

ہندوستانی سفیر کا خیر مقدم

آئرلینڈ میں ہندوستانی سفیر ہز ایکسی لینسی اکھلیش مشرا نے اقتصادی مشاورتی پینل کے قیام کے اقدام کا پُرجوش خیر مقدم کیا۔ انہوں نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد کے دوران آئرلینڈ کی یکجہتی اور خیرسگالی کو یاد کرتے ہوئے دونوں ممالک کو جمہوریت اور تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں کے طور پر مشاورت اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ تناظر میں باہمی تکمیلی شعبوں کی نشاندہی اور پائیدار، باہمی فائدہ مند کاروباری ماڈلز تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہبی 2بی  شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے خاص طور پر اسٹارٹ اپس اور اختراعات (خصوصاً زرعی ٹیکنالوجی، ہیلتھ ٹیک اور پائیدار ٹیکنالوجیز) کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ تربیت کو اہم شعبوں کے طور پر اجاگر کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقتصادی مشاورتی پینل حکومت، ریاستی ایجنسیوں، کاروباری اداروں اور دونوں ممالک کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو قیمتی مشورے اور بصیرت فراہم کرتے ہوئے ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم بنانے میں ایک مؤثر اور کلیدی کردار ادا کرے گا۔