عراق : کلورین گیس کا اخراج، 600 زائرین بیمار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2025
عراق : کلورین گیس کا اخراج، 600 زائرین  بیمار
عراق : کلورین گیس کا اخراج، 600 زائرین بیمار

 



 بغداد:عراق میں کلورین گیس کی لیکج کے باعث 600 سے زائد زائرین سانس لینے میں دشواری کا شکار ہو گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے اتوار کو بتایا کہ یہ واقعہ رات کے وقت عراق کے دو مقدس شیعہ شہروں، نجف اور کربلا، کے درمیان مرکزی شاہراہ پر واقع پانی کی صفائی کے ایک اسٹیشن میں کلورین کے اخراج کے باعث پیش آیا۔

رواں برس بھی دنیا بھر سے لاکھوں شیعہ مسلمان کربلا کا رخ کر رہے ہیں، جہاں امام حسینؓ اور ان کے بھائی حضرت عباسؓ کے مزارات ہیں۔ یہ زائرین اربعین میں شریک ہوں گے، جو امام حسینؓ کی شہادت کے چالیس روزہ سوگ کا اختتام ہے۔

عراق کی وزارتِ صحت نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کے بعد دم گھٹنے کے 621 کیسز سامنے آئے۔ بیان کے مطابق تمام متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور معائنے کے بعد صحت یاب ہو کر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

زائرین کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے مطابق یہ حادثہ کربلا-نجف روڈ پر واقع ایک واٹر اسٹیشن میں کلورین گیس کے اخراج سے پیش آیا۔ کئی دہائیوں سے جاری تنازعات اور بدعنوانی کے باعث عراق کا بیشتر بنیادی ڈھانچہ برباد ہو چکا ہے، اور حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی کے سبب اس نوعیت کے واقعات معمول کا حصہ بن چکے ہیں۔

حکام کے مطابق گزشتہ ماہ مشرقی شہر کوت کے ایک شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر بیت الخلا میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔