ایرانی رہنما خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل ملک نہیں دہشت گردی کا گڑھ ہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-05-2021
ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای
ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای

 

 

راکیش چورسیا / نئی دہلی

ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے فلسطین کی حمایت میں منائے جانے والے یوم قدس کے موقع پر اسرائیل پر سخت ترین حملہ کیا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونیوں نے شروع سے ہی مقبوضہ فلسطین کو دہشت گردی کا مرکز بنا دیا۔ اسرائیل ملک نہیں ہے بلکہ فلسطینی ریاست اور دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ ہے ۔ ہماری اس وحشی حکومت کے خلاف جدوجہد دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے اور یہ سب کا اجتماعی فرض بھی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فلسطین کو امت اسلامیہ کا بدستور سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ سفاک اور دہشت گرد صیہونی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا سب کا فریضہ ہے اور صیہونی حکومت کے زوال و تباہی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی عوام اور پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین کا معاملہ بدستور امت اسلامیہ کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ظالم اور سفاک سرمایہ دارانہ نظام کی پالیسیوں نے ایک پوری قوم کو اس کے گھر، وطن اور آبائی سرزمین سے محروم و بے دخل کرکے وہاں ایک دہشت گرد حکومت قائم کی اور غیروں کو لاکر بسادیا ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے عالم اسلام میں پائے جانے والے اختلافات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ امت اسلامیہ کی کمزوری اور تفرقے نے سرزمین فلسطین پر قبضے کے المئے کی زمین ہموار کی اور یوں سامراجی دنیا نے امت اسلامیہ پر یہ وار کیا، تاہم آج دنیا کی حالت ماضی سے مختلف ہوچکی ہے ، ہمیں اس حقیقت کو مدنظر رکھنا چاہئے کہ آج طاقت کا توازن اسلامی دنیا کے حق میں تبدیل ہوچکا ہے ۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فلسطین اور بیت المقدس کے محور پر اسلامی ملکوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اس مبارک مستقبل میں مسلمان ملکوں میں ہم آہنگی اور اتحاد بنیادی ہدف ہونا چاہئے اور یہ وہی حقیقت ہے جس نے حضرت امام خمینی رح کے نورانی قلب میں یہ بات ڈالی کہ جمعہ الوداع کو یوم قدس قرار دیاجائے ۔