واشنگٹن: ایران میں جاری پُرتشدد مظاہروں کے درمیان امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سخت بیان دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران میں حالات اسی طرح برقرار رہے تو پورا ملک تباہ ہو سکتا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر کوئی بھی واقعہ پیش آیا تو ایران کو سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا، میں پہلے ہی خبردار کر چکا ہوں۔ اگر کچھ بھی ہوا تو پورا ملک تباہ ہو جائے گا۔ ایران کی جانب سے ’مکمل جنگ‘ کی دھمکی پر ٹرمپ نے کہا، اگر کچھ بھی ہوا تو ہم انہیں دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ٹرمپ پہلے ہی ایران میں اقتدار کی تبدیلی کی بات کر چکے ہیں۔
ایران نے بھی ٹرمپ کو کھلی وارننگ دی ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شیخَرچی نے کہا کہ اگر ان کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ایران جوابی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم صرف ہاتھ نہیں کاٹیں گے بلکہ ان کی پوری دنیا جلا دیں گے۔ ایک اور انٹرویو میں ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے بارے میں کہا کہ وہ ’’ایک بیمار انسان ہیں‘‘ اور انہیں اپنا ملک صحیح طریقے سے چلانا چاہیے اور لوگوں کا قتل بند کرنا چاہیے۔
ایران میں جاری مظاہروں کے دوران اب تک بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ امریکہ کی ایک انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق اب تک کم از کم 4,519 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 26,300 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ایران میں مظاہرے دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوئے تھے۔ اس کی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایرانی کرنسی کی گرتی ہوئی قدر بتائی جا رہی ہے۔ ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی حکومت نے ان مظاہروں کا ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔