ایران:آخرصبح چھ بجے سے کیوں شروع ہورہے ہیں سرکاری دفتر؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 9 Months ago
ایران:آخرصبح چھ بجے سے کیوں شروع ہورہے ہیں سرکاری دفتر؟
ایران:آخرصبح چھ بجے سے کیوں شروع ہورہے ہیں سرکاری دفتر؟

 

تہران: دنیا بھر میں زیادہ تر دفتر صبح آٹھ یا نو بجے لگتے ہیں، لیکن اگر دفتر میں کام صبح چھ بجے شروع ہو جائے تو آپ کو اپنے روزمرہ کے کئی معمولات تبدیل کرنے پڑیں گے ۔ایران کے سرکاری دفاتر کے ملازمین بھی ان دنوں اسی کیفیت سے گزر رہے ہیں کیونکہ حکومت نے اس ہفتے سے سرکاری دفاتر کے اوقات کا رصبح چھ سے دوپہر ایک بجے تک کر دیے ہیں۔

ایرانی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار تین مہینے تک نافذ رہیں گے ۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ پر قابو پانا ہے جس میں گرمی کی شدت بڑھنے سے اضافہ ہو گیا ہے۔ تاہم ایران کے بہت سے سرکاری ملازم نئے دفتری اوقات سے خوش دکھائی نہیں دیتے اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ تاہم کچھ افراد کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے انہیں دوپہر کے بعد بہت سا وقت مل جاتا ہے جسے وہ اپنے خاندان کے ساتھ گزار سکتے ہیں یا کہیں اور کام کر کے اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

موسم گرما کے لیے نئے اوقات کار پارلیمنٹ نے نئے ایرانی سال کے موقع پر اس سال مارچ میں منظور کیے تھے۔ اس نئے قانون میں یہ کہا گیا تھا کہ اب آئندہ ایران دن کی روشنی سے فائدہ اٹھانے کے پروگرام پر عمل نہیں کرے گا۔ دن کی روشنی کا فائدہ اٹھانے کا نظام امریکہ اور یورپ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں رائج ہے۔

پاکستان میں بھی کئی بار اس نظام کو نافذ اور منسوخ کیا جاتا رہا ہے۔ گرمیوں میں چونکہ دن بڑے ہوتے ہیں اس لیے دفتروں میں کام عموماً ایک گھنٹہ پہلے شروع کر دیا جاتا ہے تاکہ دن کی روشنی کا فائدہ اٹھایا جا سکے ۔ سردیوں میں دن کا دورانیہ گھٹنے کی وجہ سے دفتر دیر سے کھولے جاتے ہیں۔