ایران:پانی پر جنگ،تین ہلاک

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 24-07-2021
ایران:پانی کی قلت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کے لئے طاقت کااستعمال،تین ہلاک
ایران:پانی کی قلت کے خلاف مظاہروں کو روکنے کے لئے طاقت کااستعمال،تین ہلاک

 

 

تهران

ایران کے خشک سالی سے متاثرہ جنوب مغربی علاقوں میں پانی کی قلت کے خلاف مظاہرے اپنے ساتویں روز میں داخل ہو کر مزید کئی شہروں تک پھیل گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے نتیجے میں اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز میں صوبے خوزستان کے کئی علاقوں میں بدھ کے روز ہونے والے مظاہرے دکھائے گئے، جن میں سوسن گرد اور مسجد سلیمان کے شہر بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز مظاہروں پر قابو پانے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔

وشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی کچھ ویڈیوز میں ایران کے صوبے اصفہان کے ایک قصبے یزداں میں ہونے والے مظاہرے کی فوٹیج دکھائی گئی ہے جس میں لوگ پانی کی قلت والے علاقوں کے مظاہروں کی حمایت کر رہے ہیں۔

ان ویڈیوز میں مظاہرین کو اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کےخلاف نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ ایرانی حکومت کی منظور شدہ نیوز ایجنسی آئی ایل این اے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خوزستان کے صدر مقام آئیذہ کے اعلیٰ عہدے دار حسن نبوتی نے مظاہرے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اہل کار بھی زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ جمعے ایران کے سرکاری میڈیا نے گولیاں لگنے سے دو مظاہرین کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ حمرہ ہند کو بھیجی گئی متعدد ویڈیوز میں صوبائی دارالحکومت ، اہواز اینڈیمشک ، حمیدیہ ، رامہرموز ، شوشتر اور سوسن گارڈ سمیت صوبہ خوزستان کے متعدد علاقوں میں مظاہروں کی فوٹیج دکھائی گئی ہیں۔

قصبے بھی شامل ہیں۔ ان ویڈیوز میں کچھ مظاہرین عربی میں بھی حکومت مخالف نعرے لگا رہے ہیں کیونکہ خوزستان میں عربی نسل کی اقلیت آباد ہے۔ انہیں شکایت ہے کہ حکمران ان کے ساتھ تعصب برتتے ہیں اور انہیں نظرانداز کیا جاتا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹ میں حکومتی عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ پانی کی قلت کے معاملے اور مظاہرین کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے حال ہی میں ایک وفد خوزستان بھیجا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بدھ کے روز پریس بریفنگ میں کہا کہ واشنگٹن خوزستان میں ہونے والے مظاہروں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی عوام کے پرامن اجتماع اور اپنے اظہار کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔ ایرانی بھی دنیا کے دوسرے لوگوں کی طرح ہیں اور انہیں بھی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حراست اور تشدد کے خوف کے بغیر جینے کا حق ہے۔

ایرانی عوام کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں نے، جن میں نرگس محمدی بھی شامل ہیں، خوزستان کے مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے منگل کے روز تہران میں ایران کی وزارت داخلہ کے سامنے ایک ریلی منعقد کی۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ایک ویڈیو میں سابق معروف سیاسی قیدیوں محمدی، آرش صادقی، جعفر اعظم زادہ اور انسانی حقوق کے کئی دوسرے سرکردہ کارکنوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ایران میں پانی کی قلت کی وجہ جزوی طور پر موسمی حالات بھی ہیں۔

حالیہ مہینوں میں اس سال معمول سے 40 فی صد کم بارشیں ہوئی ہیں جب کہ درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت کی عشروں سے جاری بدانتظامی نے بھی خشک سالی کے اثرات کو بڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکام نے پن بجلی کے لیے ڈیموں کی تعمیر، دریائے خوزستان کا رخ بدلنے اور زرخیز زمینیں صنعتی شعبے کو دیتے وقت یہ خیال نہیں رکھا کہ آس پاس کے علاقوں پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں خوزستان میں پانی کے وسائل خشک پڑ گئے اور لوگوں کے لیے پینے اور فصلوں کی آبیاری کے لیے پانی کی قلت پیدا ہو گئی. ( ایجنسی ان پٹ )