ایران: سپریم لیڈر نے37 برسوں پہلی بار روایت شکنی کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2026
ایران: سپریم لیڈر نے37 برسوں پہلی بار روایت شکنی کی
ایران: سپریم لیڈر نے37 برسوں پہلی بار روایت شکنی کی

 



تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے 37 برسوں کے بعد پہلی بار 8 فروری کو فضائیہ کے کمانڈوز سے ہونے والی سالانہ ملاقات میں شرکت نہیں کی۔ یہ ملاقات 1979ء میں شاہی حکومت کے خاتمے سے قبل فضائیہ کے افسران کی آیت اللّٰہ روح اللّٰہ خمینی سے بیعت کی یاد میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس سال خامنہ ای کی جگہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل عبدالرحیم موسوی نے فضائیہ کے کمانڈروز سے ملاقات کی۔ رپورٹس کے مطابق، خامنہ ای 1989ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ہر سال اس تقریب میں شریک ہوتے رہے، حتیٰ کہ کورونا کی وباء کے دوران بھی انہوں نے شرکت کی تھی۔

یہ غیر حاضری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے۔ بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر کی غیر حاضری ممکنہ امریکی حملے کے خدشات یا قومی سلامتی کے امور کے پیش نظر ہو سکتی ہے۔

ایران نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی امریکی حملے کی صورت میں پورا مشرقِ وسطیٰ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، امریکا نے خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگی جہاز، طیارہ بردار بحری جہاز اور نگرانی کے طیارے تعینات کیے ہیں، جس سے خطے میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔