تہران: ایران نے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل داغے ہیں، جن میں بندرگاہی شہر حیفہ بھی شامل ہے۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اسرائیلی افواج نے ایران میں شہری اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی تھی۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیل کے توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ان حملوں میں ملک کے شمالی حصوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کی خبروں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی ایک نئی لہر داغی، جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل میں لڑاکا طیاروں کے پیدا کرنے والی تنصیبات اور توانائی کی فراہمی کے مراکز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے۔
ایران کے حملے کے پیش نظر اسرائیل نے رات کو اپنی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلایا، جس میں اس نے اپنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اگلے احکامات تک محفوظ مقامات پر چھپ جائیں۔ جس کے بعد لوگوں کو اپنے بچوں کے ساتھ بنکروں میں جاتے دیکھا گیا۔ اسی دوران فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر سکتا ہے،اسرائیلی فوج کا دعویٰ درست ثابت ہوا۔ ایران نے شہر حیفہ کی جانب بیک وقت 70 بیلسٹک میزائل داغے۔ ان حملوں میں 14 اسرائیلی زخمی ہوئے۔ ایک خاتون کی ہلاکت کی بھی خبر تھی، البتہ اس کی تصدیق نہیں ہوسکی
اسرائیل کے حملے بھی جاری
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے پورے دن ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات شامل تھیں، خاص طور پر تہران میں تیل کے ذخیرے کی ایک بڑی سہولت، جس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق اسرائیل نے اتوار کی صبح تہران میں ایرانی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ تہران کے شمال مغرب میں واقع شہران آئل ڈپو پر بھی اسرائیل نے حملہ کیا۔ تسنیم نیوز کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور اب بھی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ایران نے سنیچر کو دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ میں پیداوار کو جزوی طور پر معطل کر دیا ہے۔ خطے میں تیل کی برآمدات میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات نے جمعے کو تیل کی قیمتوں میں نو فیصد اضافہ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ ’میزائلوں اور ڈرونز نے اسرائیل کے انرجی انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ پاسداران انقلاب نے متنبہ کیا اگر اسرائیل نے حملے جاری رکھے تو تہران کے حملے’ شدید اور زیادہ وسیع‘ ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’’ایران نے اسرائیل کی جانب مزید میزائل فائر کیے ہیں جنہیں روکا جا رہا ہے۔اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ’’ایران نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز داغے ہیں۔ہفتے کی رات دیر گئے یروشلم کے آسمان پر کئی پروجیکٹائل دیکھے گئے۔ اگرچہ شہر میں فضائی حملے کے سائرن نہیں بجے، تاہم شمالی اسرائیل کے شہر حیفہ میں سائرن سنائی دیے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں بظاہر دیکھا گیا کہ ایرانی میزائل حملوں کے بعد حیفہ آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی۔ایرانی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی کہ اسرائیلی حملوں میں تہران میں وزارتِ دفاع کی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے معمولی نقصان ہوا۔ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل میں ایک دو منزلہ مکان پر میزائل حملے کےنتیجے میں 20 سالہ خاتون ہلاک اور 13 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سفارت کاری بھی جاری
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کی رائے ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم ہونا چاہیے۔امریکہ اور ایران کے درمیان اتوار کو عمان میں ہونے والی پہلے سے طے شدہ جوہری مذاکرات کی ملاقات سرکاری طور پر منسوخ کر دی گئی۔اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایرانی حکومت کی "ہر جگہ اور ہر ہدف" کو نشانہ بنائے گا۔