ایران : نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کو چھ سال قید کی سزا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2026
ایران : نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کو چھ سال قید کی سزا
ایران : نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کو چھ سال قید کی سزا

 



تہران: ایران کی ایک عدالت نے انسانی حقوق کی معروف کارکن اور نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کو ایک بار پھر قید کی سزا سنا دی ہے، جس سے ملک میں اظہارِ رائے اور شہری آزادیوں پر جاری بحث مزید تیز ہو گئی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق 53 سالہ نرگس محمدی کو چھ سال قید کی سزا دی گئی ہے جبکہ آئندہ دو برس تک انہیں ملک چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نرگس محمدی کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے انہیں ’’جرائم کی منصوبہ بندی اور ملی بھگت‘‘ کے الزامات کا مرتکب قرار دیا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کرنے کا قانونی حق موجود ہے اور اس حوالے سے آئندہ لائحۂ عمل پر غور کیا جا رہا ہے۔

نرگس محمدی ایران میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک نمایاں نام ہیں اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے مختلف مقدمات کے تحت قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتی رہی ہیں۔ وہ خاص طور پر ایران میں سزائے موت کے قانون، خواتین کے لباس سے متعلق سخت پابندیوں اور سماجی آزادیوں پر قدغن کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

ان کی سرگرمیوں کے باعث انہیں متعدد بار حکام کی جانب سے کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیمیں ان کی گرفتاریوں اور سزاؤں پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ نوبیل انعام حاصل کرنے کے باوجود نرگس محمدی کو ایران میں مسلسل قانونی دباؤ کا سامنا ہے، جسے ناقدین ملک میں اختلافی آوازوں کو دبانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔ حالیہ عدالتی فیصلہ ایک بار پھر ایران کے عدالتی نظام اور شہری حقوق کے حوالے سے عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔