تہران / تل ابیب
ایران نے شیراز شہر سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی ہے، جس سے شمال میں حیفہ سے لے کر جنوب میں ایلات تک تقریباً تمام اسرائیل میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تل ابیب، یروشلم، بیئر شیوا، حیفہ اور درجنوں دیگر شہروں میں فضائی حملے کے سائرن بج رہے ہیں۔ فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل میں کئی مقامات پر ایرانی میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ ایرانی حملوں کے بعد حیفہ شہر میں زبردست آگ دیکھی گئی۔ اس حملے میں اب تک چار افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو اشارہ دیا تھا کہ اسرائیل نے ایران کے انٹیلی جنس چیف محمد کاظمی کو ایک فضائی حملے میں ہلاک کر دیا ہے
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی کے مطابق ایران نے پیر کی صبح اسرائیل پر تازہ میزائل برسائے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں فضائی حملوں کے سائرن گونج اٹھے۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے اسرائیلی سرزمین کی طرف کم از کم 100 میزائل داغے۔ اسرائیلی ہنگامی امدادی ادارے کے مطابق ان میزائلوں اور ان کے ملبے کے گرنے سے شمالی اور وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں کم از کم 67 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دارالحکومت تل ابیب میں علی الصبح زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جو غالباً اسرائیل کے دفاعی نظام کے ذریعے ایرانی میزائلوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران پیدا ہوئیں۔ ان دھماکوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازعے کے چوتھے دن کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔ تل ابیب کے آسمان پر دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے۔
تل ابیب کے قریب واقع شہر پیتاح تکوا کے حکام کے مطابق ایرانی میزائلوں میں سے ایک رہائشی عمارت سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں عمارت کی دیواریں متاثر ہوئیں، کھڑکیاں چکناچور ہو گئیں اور کئی اپارٹمنٹس کو شدید نقصان پہنچا۔تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، البتہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈم ہنگامی سروس نے بتایا کہ مختلف مقامات سے 67 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر افراد معمولی یا درمیانے درجے کے زخمی ہیں۔
اسرائیل کے جوابی حملے
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے بھی پیر کو ایران پر جوابی حملے کیے، جن میں میزائل لانچنگ مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے پہلے تہران نے اسرائیل پر خطرناک اور مہلک حملے کیے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے مزید سنگین اقدامات کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔جمعے سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران میں اب تک 224 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایرانی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ان حملوں میں 1277 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ان میں کتنے فوجی اور کتنے عام شہری شامل ہیں۔