تہران: ایران کے سرکاری ٹی وی نے حالیہ سیاسی اور فوجی کشیدگی کے درمیان ایک نئی جاسوسی ڈرامہ سیریز ’نائٹ لائٹ‘ متعارف کرائی ہے، جو اسرائیلی سیریز ’تہران‘ کا ردعمل تصور کی جا رہی ہے۔ یہ سیریز اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر سے کہانی کو پیش کرتی ہے، خاص طور پر اس وقت جب خطے میں سیاسی تناؤ بڑھ رہا ہے۔
مرکزی کہانی میں ایک غیر ملکی جاسوسہ راموس ہے، جسے ایران میں خفیہ مشن پر بھیجا جاتا ہے۔ تاہم کہانی اس کی نگاہ سے نہیں بلکہ ایرانی انٹیلی جنس اداروں کے زاویے سے بیان کی گئی ہے، جو راموس کو پکڑنے اور اس کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
میڈیا کے مطابق اس نئے زاویے سے جاسوسی کہانی میں قومی سلامتی اور داخلی خطرات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جس سے ناظرین کے لیے دفاعی کردار اور انسداد جاسوسی کی محنت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سیریز کی ریلیز کا وقت بھی خاص اہمیت رکھتا ہے،’نائٹ لائٹ‘ نئے فارسی سال کے موقع پر نشر کی گئی، جب ٹی وی دیکھنے والوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، اور ایسے وقت میں جب ایران میں مبینہ جاسوسوں اور خفیہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائیوں کی خبریں بھی منظر عام پر آ رہی ہیں۔ یہ اقدام واضح طور پر اس بات کا اظہار ہے کہ ایران اپنی نکتہ نظر سے جاسوسی کہانیوں کو پیش کرنے اور میڈیا کے ذریعے قومی موقف مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔