ایران: ایرانی قدس فورس کے کرنل اپنے گھر کے سامنے قتل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2022
ایران: ایرانی قدس فورس کے کرنل اپنے گھر کے سامنے قتل
ایران: ایرانی قدس فورس کے کرنل اپنے گھر کے سامنے قتل

 

 

تہران :  ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کرنل حسن صیاد خدائی کو تہران میں ان کے گھر کے سامنے گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس کا انکشاف  ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی نے کیا ہے ۔ جس کے مطابق حسن صیاد خدائی کا قتل 22 مئی 2022 بروز اتوار مقامی وقت شام چار بجے ہوا۔

 یہ اہلکار ’مزارات کے محافظوں‘ میں سے ایک تھے اور انہوں نے شام میں جنگ لڑی تھی۔ انہیں جنوب مشرقی تہران میں مجاہدین اسلام سٹریٹ پر ان کے گھر کے سامنے گولی مار کر قتل کیا گیا۔

’مزارات کے محافظ‘ ایک اصطلاح ہے جو اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے ان ملیشیاؤں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو قدس فورس (پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کام کرنے والی شاخ) سے وابستہ ہیں اور جو شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران شامی صدر بشار الاسد کے دفاع میں جنگ لڑے تھے۔ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی ایک بیان میں تسنیم نیوز ایجنسی کی خبر کی تصدیق کی ہے۔

پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خدائی کو تہران کے وقت کے مطابق شام چار بجے ’دو موٹر سائیکل سواروں‘ نے پانچ گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے اس رکن کے قتل کی ذمہ داری کسی مخصوص گروہ پر نہیں ڈالی اور اسے صرف ’انقلاب مخالف اور عالمی تکبر سے وابستہ عناصر کا مجرمانہ فعل‘ قرار دیا۔ پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’حملہ آور یا حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ضروری کارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور یہ جاری ہے۔

تاحال کسی گروپ یا فرد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کی طرف سے جو تصویر شائع کی گئی اس میں کار کا ڈرائیور اپنے خون آلود دائیں بازو پر سر رکھے نظر آ رہا ہے۔ خبر سامنے آنے کے فوراً بعد تہران کے پراسیکیوٹر علی صالحی کا کہنا ہے کہ وہ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے اور انہوں نے’اس سلسلے میں خصوصی احکامات‘ جاری کر دیے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’عدلیہ‘ خدائی کی موت کے مجرموں کو ’سخت سزا‘ دے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی اس پر تبصرہ کرتے ہوئے پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان کو دہراتے ہوئے کہا: ’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعویٰ کرنے والے ممالک خاموش ہیں اور اس کی حمایت کررہے ہیں۔‘