ایران دو ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے: وائٹ ہاؤس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-06-2025
ایران دو ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے: وائٹ ہاؤس
ایران دو ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے: وائٹ ہاؤس

 



واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار تیار کرنے کے تمام وسائل موجود ہیں اور وہ صرف دو ہفتوں میں ایٹمی ہتھیار بنا سکتا ہے، بس اسے ایران کے سپریم لیڈر کی منظوری درکار ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری صلاحیت کے حوالے سے فیصلہ کن مرحلے پر ہے، اور اگر اسے اعلیٰ قیادت کی اجازت مل جائے تو وہ مختصر مدت میں ہتھیار تیار کر سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس ترجمان سے جب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کے لیے امریکی کانگریس سے منظوری لینے سے متعلق سوال کیا گیا، تو انہوں نے اس پر کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

تاہم ترجمان نے یہ ضرور کہا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتی راستہ اختیار کرنے کے حامی رہے ہیں، اور اگر کسی مسئلے کا حل بات چیت سے نکل سکتا ہو تو وہ اسی کو ترجیح دیتے ہیں۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ صدر ٹرمپ طاقت کے استعمال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اگر امریکہ کے مفادات کو خطرہ لاحق ہوا۔

ادھر صدر ٹرمپ کو آج اسرائیل کی جانب سے جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال اور اس کے ممکنہ نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔