انڈونیشیا: ہزاروں مساجدمیں لاؤڈ اسپیکرکی آوازکم کی گئی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 20-10-2021
انڈونیشیا: ہزاروں مساجدمیں لاؤڈ اسپیکرکی آوازکم کی گئی
انڈونیشیا: ہزاروں مساجدمیں لاؤڈ اسپیکرکی آوازکم کی گئی

 

 

جکارتہ: مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی والے ملک انڈونیشیا میں لاؤڈ اسپیکرکے ذریعے اذان کی آواز کم کر دی گئی ہے۔ انڈونیشیا مسجد کونسل نے یہ اقدام، ان لوگوں کو راحت دینے کے لئے اٹھایا ہے جو صوتی آلودگی سے پریشان ہیں۔

کونسل کے صدر یوسف کلا نے کہا کہ ملک کی ساڑھے 7 لاکھ سے زائد مساجد کا ساؤنڈ سسٹم اچھا نہیں ہے۔ اذان کی آواززیادہ بلند ہوجاتی ہے،ایسی صورت میں کونسل نے 7 ہزار ٹیکنیشنز کو ملازمت دی ہے اور ملک کی تقریبا 70ہزار مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں کی آواز کو کم کیا ہے۔

یوسف کا کہنا ہے کہ اس کے لیے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔ کونسل کے کوآرڈینیٹر عزیز کا کہنا ہے کہ اذان کی بلند آواز ایک اسلامی روایت ہے ، تاکہ آواز دور دور تک پہنچ جائے۔

جکارتہ کی مسجد الاقوان کے چیئرمین احمد توفیق کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر کی آواز کو کم کرنا مکمل طور پر رضاکارانہ ہے ، ہم سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ہدایت اللہ یونیورسٹی کے علی نے کہا کہ بہت سے لوگ لاؤڈ اسپیکر کی تیز آواز کو مذہبی ضرورت سمجھتے ہیں۔

مسجد کونسل کے اقدام کے بعد اب ہزاروں مساجد کے لاؤڈ سپیکروں کی آواز ختم ہو گئی ہے۔ آس پاس رہنے والے لوگوں کو بھی کوئی شکایت نہیں ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کچھ عرصے سے ملک میں اذان کے لاؤڈ اسپیکر کی بلند آواز کے حوالے سے احتجاج کی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی تھیں۔

آن لائن شکایات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کی تیز آواز ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ ڈپریشن ، چڑچڑاپن اور بے خوابی کے مسائل ہیں۔ اس مسئلے کے حساس ہونے کی وجہ سے ، بہت سے لوگ احتجاج کے اندراج سے گریز کرتے تھے۔

ملک میں توہین رسالت کے قانون میں سخت سزائیں دینے کا انتظام ہے۔اس سے قبل ایک4 بچوں کی ماں کو اذان کی بلند آواز کے خلاف احتجاج کرنے پر ڈیڑھ سال کی سزا سنائی گئی ہے۔

جکارتہ میں کچھ لوگوں نے اذان کی آواز سے پریشان ہوکرشکایت کی ، پھر ہزاروں لوگوں نے ان کے اپارٹمنٹ کو گھیر لیا۔انھیں ہٹانے کے لئے فوج کو بلانا پڑا۔ دوسری جانب جرمنی میں بھی لاؤڈ سپیکر کے ذریعے اذان کی تیز آواز کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔

ملک کے بڑے شہروں میں سے ایک ،کولون کے میئر نے گزشتہ جمعہ کو مسجد میں لاؤڈ اسپیکر سے اذان نشر کرنے کی منظوری دےدی۔ ان کے اس اقدام پر ملک کی انتہائی دائیں بازو کی اے ایف ڈی پارٹی نے سخت تنقید کی ہے۔

پارٹی کے نائب ترجمان میتھیاس بوشگس کا کہنا ہے کہ جرمنی کو اسلامائز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ قدم اس طرح کی تصویر بنا رہا ہے کہ ہمارا ملک عیسائی نہیں بلکہ اسلامی ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کولون میں 1.2 لاکھ مسلمان رہتے ہیں جو کہ شہر کی کل آبادی کا 12 فیصد ہے۔