یوکرین: ہندوستانی طلبا کے ساتھ مار پیٹ کی ویڈیو وائرل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-02-2022
یوکرین:  ہندوستانی طلبا کے ساتھ   مار پیٹ  کی ویڈیو وائرل
یوکرین: ہندوستانی طلبا کے ساتھ مار پیٹ کی ویڈیو وائرل

 

 

آواز دی وائس / نئی دہلی

 روس۔ یوکرین کی جنگ میں ہندوستانی طلباء کو ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں تک کہ لڑکیوں کی پٹائی کے ویڈیو بھی وائرل ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب  حکومت ہند نے یوکرین میں پھنسے ہندوسستانی طلباء کو بچانے کے لیے پوری طاقت لگا دی ہے۔

ہوائی جہاز مسلسل بھیجے جا رہے ہیں۔ طلباء کے انخلاء کے لیے یوکرین کے پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آج صبح ایک میٹنگ کے بعد طلبا کو نکالنے کے لیے چار وزراء کو ڈیوٹی پر لگا دیا گیا ہے۔

 یوکرین پرروس کےحملے کا آج پانچواں دن ہے۔ روس اور یوکرین کی فوجیں مختلف محاذوں پر آمنے سامنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند گھنٹوں کی خاموشی کے بعد کیف اور کھارکیف میں بم دھماکے دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔

 دوسری جانب روسی فوج نے ساحلی قصبے وردی یاسک پر قبضہ کر لیا ہے۔ چرنیوٹسی میں سائرن بج رہے ہیں۔ فریقین کی جانب سے ہلاکتوں کے دعوؤں کو بھی مسترد کیا جا رہا ہے۔ ادھر دنیا کی نظریں روس اور یوکرین کے درمیان آج بیلاروس میں ہونے والے مذاکرات پر لگی ہوئی ہیں۔ مذاکرات سے قبل یوکرین کے صدر زیلینسکی نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹے اہم ہیں۔

یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلباء کو مسائل کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں محفوظ مقامات پر جانے کے لیے ضروری رہنمائی نہیں مل رہی ہے۔ کچھ طلباء کو سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے بدتمیزی کا بھی سامنا ہے۔ ادھر یوکرین میں پھنسے ایک طالب علم کا کہنا ہے کہ یہاں لڑکیوں کو بے دردی سے مارا گیا۔ ہم ہندوستانی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

 

دریں اثنا، یوکرین سے ہندوستانی طلباء کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ یوکرین میں رہنے والے ہزاروں طلباء کو ہندوستان واپس لایا جا رہا ہے۔ یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلباء کو رومانیہ اور ہنگری کے راستے وطن لایا جا رہا ہے۔ پانچویں فلائٹ سے 52 طلباء کو ہندوستان لایا گیا ہے۔

ایک دن پہلے688 طلباء کو تین طیاروں کے ذریعے واپس لایا گیا تھا۔ حکومت نے یقین دلایا کہ یوکرین میں پھنسے تمام ہندوستانی طلباء کو بحفاظت واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ یوکرین میں پھنسے ہوئے سینکڑوں ہندوستانیوں کو واپس لانے میں ایئر انڈیا سب سے آگے ہے۔

رپورٹ کے مطابق دو طرفہ انخلاء کی پرواز چلانے کی لاگت 1.10 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگی اور یہ رقم پروازوں کی مدت کے لحاظ سے بڑھے گی۔ ایئر لائن ایک وائڈ باڈی بوئنگ 787 طیارے کے ساتھ کام کر رہی ہے، جسے ڈریم لائنر کہا جاتا ہے۔