ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہندوستانی طلباء

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2025
ہارورڈ  یونیورسٹی میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہندوستانی طلباء
ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہندوستانی طلباء

 



نیو یارک/ آواز دی وائس
ہارورڈ میں زیرِ تعلیم ہندوستانی طلبہ غیر یقینی صورتحال اور پریشانی کے دور سے گزر رہے ہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھنے والے ہندوستانی طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ اور یونیورسٹی کے درمیان جاری کشمکش کے باعث شدید غیر یقینی حالات، ذہنی دباؤ اور روزگار کے مواقع کی کمی سے دوچار ہیں۔
ہارورڈ کینیڈی اسکول سے گزشتہ ماہ گریجویشن کرنے والے ایک ہندوستانی طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ یہ ایسا وقت ہے جب ہم سمجھ نہیں پا رہے کہ کیا کریں، کیا ہمیں واپس گھر لوٹ جانا چاہیے یا یہاں کوئی حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ہارورڈ میں زیر تعلیم کچھ ہندوستانی طلبہ نے پچھلے کچھ مہینوں کے دوران اپنے تجربات اور خدشات کا ذکر کیا، جب اس نامور یونیورسٹی کو مسلسل ٹرمپ انتظامیہ کے حملوں کا سامنا رہا۔ٹرمپ انتظامیہ کی کارروائیوں میں 2.2 ارب امریکی ڈالر کی مالی امداد پر روک لگانا، یونیورسٹی کی بین الاقوامی طلبہ کو داخلہ دینے کی اہلیت منسوخ کرنا، اور ہارورڈ میں تعلیم یا تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرنے کے خواہش مند غیر ملکی شہریوں کے داخلے کو معطل کرنا شامل ہے۔
امریکی محکمہ داخلہ (ڈی ایچ ایس) نے دعویٰ کیا کہ ہارورڈ انتظامیہ نے امریکہ مخالف اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والے افراد کو داخلہ دے کر کیمپس کو غیر محفوظ بنایا ہے۔ ان کے مطابق، یہ افراد یہودی طلبہ سمیت دیگر پر حملے کرتے ہیں، جس سے تعلیمی ماحول متاثر ہوا ہے۔
ہارورڈ گریجویٹ اسکول آف ڈیزائن میں دو سالہ کورس مکمل کرنے والی ایک اور ہندوستانی طالبہ نے کہا کہ زیادہ تر طلبہ یہ منصوبہ لے کر آتے ہیں کہ وہ ہندوستان سے تعلیم مکمل کر کے کچھ عرصے امریکہ میں کام کر سکیں۔لیکن اس نے حالیہ مہینوں کو اتار چڑھاؤ والا دور قرار دیا۔طالبہ نے کہا کہ اتنی ساری غیر یقینی صورتحال کے درمیان، میں کہہ سکتی ہوں کہ جو کمپنیاں اس وقت روزگار دے رہی ہیں، وہ بین الاقوامی طلبہ کو ملازمت دینے میں ہچکچا رہی ہیں۔ پہلے شاید ہارورڈ کا نام یہ جھجک ختم کر دیتا تھا، لیکن اس وقت ایسا نہیں ہو رہا۔
ہارورڈ کینیڈی اسکول کی ایک اور طالبہ نے بتایا کہ وہ اس وقت "ملازمت کی تلاش میں" ہے اور اس نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں روزگار حاصل کرنا کس قدر مشکل ہو چکا ہے۔اس نے کہا کہ آج کل آجروں نے کسی بھی بین الاقوامی طالب علم کو رکھنا بند کر دیا ہے۔ ہارورڈ کے بین الاقوامی طلبہ کی تو بات ہی الگ ہے، کیونکہ ہماری ویزا صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے, طالبہ نے مزید کہا کہ اُسے یہ نہیں معلوم کہ وہ ہندوستان واپس جائے گی، امریکہ میں رہے گی یا کسی تیسرے ملک کا رخ کرے گی۔ طلبہ نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فنڈنگ میں کٹوتی کے سبب پالیسی سازی، ماحولیاتی تبدیلی، صحت کی سہولیات اور پبلک ہیلتھ کے شعبوں میں ملازمتوں پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔
ڈیزائن اسکول کی ایک اور طالبہ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ گریجویشن سے صرف چند دن پہلے طلبہ کو اطلاع ملی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ کے اسٹوڈنٹ اینڈ ایکسچینج وزیٹر پروگرام کی منظوری منسوخ کر دی ہے، جس کا مطلب یہ تھا کہ اب یونیورسٹی غیر ملکی طلبہ کو داخلہ نہیں دے سکتی اور موجودہ غیر ملکی طلبہ یا تو کسی اور ادارے میں منتقل ہوں گے یا قانونی حیثیت کھو بیٹھیں گے۔اگرچہ اس نے غیر ملکی طلبہ سے گزارش کی کہ وہ موجودہ حالات سے مایوس نہ ہوں۔
کئی طلبہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخرکار ہندوستان واپس جانے کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن ان کی خواہش تھی کہ وہ امریکہ میں ابتدائی چند سال کام کر کے تجربہ حاصل کریں اور اپنے تعلیمی قرض کی ادائیگی بھی کر سکیں۔ایک اور طالب علم نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے لوگ واپس (ہندوستان) جا رہے ہیں۔ انہوں نے طے کر لیا ہے کہ یہاں رہنا اب بے فائدہ مند نہیں ہے۔
ہارورڈ انٹرنیشنل آفس کی ویب سائٹ پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، 2024-25 کے تعلیمی سال میں ہارورڈ یونیورسٹی کے تمام اسکولوں میں ہندوستان کے 788 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ہارورڈ گلوبل سپورٹ سروسز کے مطابق ہر سال 500 سے 800 ہندوستانی طلبہ ہارورڈ میں تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔