نئی دہلی: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل انک. نے ہندوستانی نژاد انجینئر شبیہ خان کو کمپنی کا نیا چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کیا ہے۔ 58 سالہ شبیہ خان اس ماہ کے آخر میں موجودہ سی او او جیف ولیمز کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ شبیہ خان گزشتہ 30 برسوں سے ایپل سے وابستہ ہیں اور اس وقت کمپنی میں سینئر نائب صدر – آپریشنز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے 2019 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا اور تب سے لے کر اب تک وہ ایپل کی عالمی سطح پر سپلائی چین، پلاننگ، خریداری، مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور پروڈکٹ کی ترسیل کے امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شبیہ خان کی پیدائش 1966 میں اتر پردیش کے مرادآباد میں ہوئی۔
امریکہ میں سکونت اختیار کرنے سے پہلے انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم سنگاپور میں مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے امریکہ کی مشہور ٹفٹس یونیورسٹی سے اکنامکس اور مکینیکل انجینئرنگ میں ڈبل بیچلرز کی ڈگریاں حاصل کیں، اور پھر رینسلر پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ سے مکینیکل انجینئرنگ میں ماسٹرز کیا۔ ایپل میں شامل ہونے سے پہلے، شبیہ خان نے 1995 میں جی ای پلاسٹکس میں ‘اپلیکیشن ڈیولپمنٹ انجینئر’ اور ‘اکاؤنٹ ٹیکنیکل لیڈر’ کے طور پر کام کیا۔
ان کی تکنیکی مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں نے انہیں ایپل میں مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رکھا، جس کا نقطۂ عروج اب چیف آپریٹنگ آفیسر کی تقرری ہے۔ ایپل کے جاری کردہ بیان کے مطابق، شبیہ خان کمپنی کے ان چند نایاب افراد میں شامل ہیں جنہوں نے تین دہائیوں تک مسلسل کمپنی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کی قیادت میں کمپنی کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یہ تقرری نہ صرف ہندوستانی نژاد ٹیلنٹ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ایپل جیسے عالمی ادارے میں ہندوستانی اصل افراد کی موجودگی کو مزید مستحکم کرتی ہے۔