ریاض : سعودی عرب میں اتوار کے روز ایک رہائشی مقام پر گولہ گرنے سے 2 افراد ہلاک جبکہ 12 دیگر زخمی ہو گئے۔ سعودی حکام کے مطابق یہ واقعہ شہر الخرج میں اس وقت پیش آیا جب ایک فوجی گولہ رہائشی کمپاؤنڈ پر آ گرا۔
سعودی سول ڈیفنس کے ایک عہدیدار نے بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہے جبکہ زخمی ہونے والے 12 افراد بنگلہ دیشی باشندے ہیں۔ اس واقعے میں مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
حکام کے مطابق سول ڈیفنس نے الخرج گورنری میں ایک صفائی اور مینٹیننس کمپنی کے رہائشی مقام پر فوجی گولہ گرنے کے واقعے پر فوری کارروائی کی۔ اس واقعے کے نتیجے میں دو افراد جان سے گئے اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
سعودی حکام نے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے واقعات میں طے شدہ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Important Advisory dated 08 March 2026 pic.twitter.com/1GP9oUmJVY
— India in Saudi Arabia (@IndianEmbRiyadh) March 8, 2026
دوسری جانب سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر سہیل اعجاز خان نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی برادری کے نمائندوں سے آن لائن ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
سفیر نے کہا کہ سفارت خانہ ضرورت پڑنے پر ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات اور حفاظتی رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے شہروں ریاض جدہ اور دمام سے ہندوستانی شہروں کے لیے کئی فضائی پروازیں بدستور چل رہی ہیں۔
سفارت خانے کے مطابق جدہ اور مدینہ سے ہندوستانی اور سعودی ایئر لائنز نے معمول کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ جو ہندوستانی شہری وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ دستیابی دیکھ کر ان پروازوں سے سفر کر سکتے ہیں۔