نیویارک ۔ ہندوستانی نژاد امریکی برادری نے نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت اس نئی صدی کی علامت ہے جس میں تارکین وطن کی کہانیاں اب امریکہ کی سیاسی سمت طے کر رہی ہیں۔
نیویارک میں قائم تعلیمی و ثقافتی تنظیم "دی کلچر ٹری" کی بانی اور سی ای او انو سہگل نے کہا کہ گزشتہ رات ایک نئے دور کا آغاز محسوس ہوا۔ زوہران ممدانی کی تاریخی جیت کے ساتھ نیویارک نے اپنے پہلے ہندوستانی نژاد میئر کا استقبال کیا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ اب یہ شہر شناخت، وابستگی اور طاقت کو نئے انداز میں سمجھنے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممدانی کی تقریر تارکین وطن کے حق میں ایک مضبوط یقین کی عکاس تھی کہ نیویارک ان لوگوں نے بنایا ہے جو یہاں آتے ہیں، محنت کرتے ہیں اور آگے بڑھتے ہیں۔ انو سہگل نے کہا کہ ان کی تقریر میں ثقافتی اشارے بھی شامل تھے جو صرف ہماری برادری سمجھ سکتی ہے۔ انہوں نے نہرو کا حوالہ دیا اور تقریر کا اختتام فلم "دھوم" کی دھن پر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ چیلنجز موجود ہیں لیکن یہ حقیقت ناقابل تردید ہے کہ جنوبی ایشیائی اور تارکین وطن کی کہانیاں اب صرف بیانیے کا حصہ نہیں رہیں بلکہ اسے تشکیل دے رہی ہیں۔جنوبی ایشیائی برادری کے رہنما اور ناساؤ کاؤنٹی کے سابق ڈپٹی کمپٹرولر دلیپ چوہان نے ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ایک اور جنوبی ایشیائی نژاد امریکی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہر کی قیادت کر رہا ہے۔
چوہان جو ممدانی کے ابتدائی حامیوں میں سے تھے، نے کہا کہ یہ جیت عوام کے ان پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممدانی امید اور بہتر مستقبل کی علامت ہیں اور وہ ہر تارک وطن کے لیے ایک مثال ہیں۔
انڈین امریکن امپیکٹ فنڈ نامی تنظیم نے کہا کہ منگل کے انتخابی نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ خواہ سٹی کونسل ہو، میئر کا عہدہ ہو یا ریاستی سطح کا دفتر، جنوبی ایشیائی امریکی اب اس ملک کے سیاسی مستقبل کا حصہ ہیں۔
تنظیم نے بتایا کہ اس کے حمایت یافتہ 19 امیدوار ملک بھر میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں ورجینیا کی پہلی جنوبی ایشیائی خاتون لیفٹیننٹ گورنر منتخب غزالہ ہاشمی اور نیویارک کے پہلے جنوبی ایشیائی میئر زوہران ممدانی شامل ہیں۔
دیگر نمایاں کامیابیوں میں سنسناٹی کے میئر افتاب پرویوال کی دوبارہ جیت اور پنسلوانیا کے بکس کاؤنٹی میں جو خان کا ڈسٹرکٹ اٹارنی منتخب ہونا شامل ہے۔
امپیکٹ فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر چنتن پٹیل نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مثبت تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب برادری متحد ہو کر فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج آنے والے برسوں کے لیے جنوبی ایشیائی امیدواروں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔