ہند نژاد امریکی کو ناسا کا نائب منتظم مقرر کیا گیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-09-2025
ہند نژاد امریکی کو ناسا کا نائب منتظم مقرر کیا گیا
ہند نژاد امریکی کو ناسا کا نائب منتظم مقرر کیا گیا

 



نیویارک/واشنگٹن، : امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی نژاد امریکی امیت کشتریہ کو ادارے کا نیا ’’تحقیقی و اکتشافی امور پر مرکوز نائب منتظم‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ امیت کشتریہ، جو گزشتہ 20 برسوں سے ناسا میں خدمات انجام دے رہے ہیں، حال ہی میں ادارے کے ایکسپلوریشن سسٹمز ڈویلپمنٹ مشن ڈائریکٹوریٹ (ESDMD) میں چاند اور مریخ سے متعلق مشن پروگراموں کے ڈپٹی چیف کے طور پر کام کر رہے تھے۔

ناسا کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام ناسا ایڈمنسٹریٹر شین پی ڈفی نے بدھ کے روز امیت کشتریہ کو یہ نئی ذمہ داری سونپی۔ کشتریہ کی پیدائش امریکی ریاست وسکونسن میں بھارتی تارکینِ وطن والدین کے گھر ہوئی۔ انہوں نے کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) اور یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ وہ تاریخ میں مشن کنٹرول کے تقریباً 100 فلائٹ ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔

ان کی پروفائل کے مطابق، کشتریہ 2003 میں ناسا سے وابستہ ہوئے۔ انہیں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے 50 ویں مشن کے لیے چیف فلائٹ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے پر ناسا کی جانب سے اعلیٰ قیادت کا تمغہ دیا گیا تھا۔

ناسا نے بتایا کہ اپنی نئی ذمہ داری میں کشتریہ ادارے کے سب سے اعلیٰ رینک والے سول سرونٹ ہوں گے اور ڈفی کے سینئر مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ کالٹیک کے سابق طلبہ کے ایک بلاگ کے مطابق، کشتریہ کے والد انجینئر اور والدہ کیمسٹ تھیں۔ دونوں بھارتی نژاد تارکین وطن تھے جنہوں نے اپنے بیٹے کو ریاضی اور سائنس کی تعلیم پر خاص طور پر زور دیا۔ کشتریہ اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔