ریاض، سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے ریاض کے السویدی پارک میں جاری "انڈین کلچر ویک" یا ہندوستانی ثقافتی ہفتہ کا دورہ کیا۔ یہ پروگرام "گلوبل ہارمنی 2" پہل کا حصہ ہے، جو مملکت کے کوالٹی آف لائف پروگرام کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے فن و ثقافت، روایتی ورثے، دستکاری، اور ہندوستانی کھانوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مین اسٹیج، بچوں کے لیے مخصوص سرگرمیوں، کلچرل بازاروں اور گیمز ایریاز کا بھی دورہ کیا۔ منتظمین نے انہیں بتایا کہ یہ پروگرام سعودی عرب میں ثقافتی تنوع اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ہندوستانی سفیر نے کہا کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کر کے خوش ہیں، اور اسے عوامی ہم آہنگی اور مختلف ثقافتوں کے درمیان قربت بڑھانے کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔ انہوں نے سعودی وزارتِ میڈیا، جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی، اور کوالٹی آف لائف پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مملکت کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کرتے ہیں اور سعودی و بھارتی عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں۔
ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے کہا کہ گلوبل ہارمنی 2 کے تحت انڈین کلچر ویک کا انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ ثقافت انسانوں کے درمیان رشتے جوڑنے والا پل ہے، اور سعودی عرب اس نظریے کے ساتھ ایک ایسا عالمی مرکز بن چکا ہے جو روایت اور جدیدیت دونوں کو ساتھ لے کر چل رہا ہے۔
یہ پروگرام 49 دنوں تک جاری رہے گا، جس میں دنیا کے 14 ممالک کی ثقافتیں، فنون اور ورثے کو پیش کیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ سرگرمیاں سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جن کا مقصد زندگی کے معیار کو بہتر بنانا اور ایک روشن، ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دینا ہے۔