ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا: ٹرمپ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-10-2025
ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا: ٹرمپ
ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا: ٹرمپ

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے ماسکو سے تیل کی خریداری "تقریباً بند" کر دی ہے۔ ٹرمپ نے جمعہ کی دوپہر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ عشائیے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ انہوں نے پہلے ہی تیل کی خریداری کم کر دی ہے اور تقریباً بند کر دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ انہوں نے تقریباً 38 فیصد تیل خریدا ہے اور اب وہ ایسا نہیں کریں گے۔ ہندوستان نے جمعرات کو بیان دیا تھا کہ وہ بازار کی صورتحال کے مطابق اپنے توانائی کے ذرائع کو وسیع اور متنوع بنا رہا ہے۔جمعرات کے اس بیان سے چند گھنٹے قبل ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہندوستان روسی خام تیل کی خریداری بند کر دے گا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان روس سے خام تیل خرید کر پوتن کو جنگ کے لیے مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔
ہندوستانی مصنوعات پر ٹیکس دوگنا کرکے 50 فیصد کر دینے کے بعد سے نئی دہلی اور امریکہ کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ ان 50 فیصد محصولات میں سے 25 فیصد ٹیکس روس سے خام تیل خریدنے کی وجہ سے عائد کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے امریکہ کے اس اقدام کو "غیر منصفانہ اور غیر دانشمندانہ" قرار دیا ہے۔
اسی دوران، ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ ختم کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ میں نے لاکھوں لوگوں کی جان بچائی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم نے کہا کہ میں نے مداخلت کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔