برلن: وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے جمعہ کو جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقات میں کہا کہ ہندوستان، دو طرفہ تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اُن کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ جے شنکر نیدرلینڈ، ڈنمارک اور جرمنی کے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں اس وقت برلن میں موجود ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پیغام میں لکھاکہ آج برلن میں چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقات کر کے فخر محسوس ہوا۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ ہم ان کی حکومت کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ دہشت گردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہندوستان کے لیے جرمنی کی یکجہتی کی میں قدر کرتا ہوں۔
جے شنکر نے جرمنی کی وزیر مالیات و توانائی کیتھرینا رائشے سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا، ہم نے ہنر مند افرادی قوت کے درمیان روابط، صنعتی شراکت داری، اور زیادہ لچکدار سپلائی چین بنانے کے لیے مشترکہ تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی پالیسی کے مشیر گنٹر زاؤٹر کے ساتھ بھی ایک مفید گفتگو کی۔
جے شنکر نے کہا، ہم نے دہشت گردی سے نمٹنے سمیت دیگر اہم عالمی معاملات پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ ہماری گہری ہوتی شراکت داری ایک غیر یقینی دنیا میں استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔ ہم لچک اور اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔ جمعرات کو جے شنکر نے جرمن پارلیمان 'بُنڈسٹاگ' کے اراکین سے مفید بات چیت کی اور ہندوستان-جرمنی تعلقات کی مسلسل بہتری کے لیے ان کی بھرپور حمایت کی ستائش کی۔ انہوں نے مزید کہا، ہم نے اُن کے ساتھ تمام اقسام کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کے مضبوط عزم پر بھی گفتگو کی۔