ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دس سالہ دفاعی شراکت داری پر اتفاق

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2025
ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دس سالہ دفاعی شراکت داری پر اتفاق
ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دس سالہ دفاعی شراکت داری پر اتفاق

 



واشنگٹن: ہندوستان اور امریکہ آئندہ دس سالوں کے لیے ایک نئی دفاعی شراکت داری کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، ٹیکنالوجی اور عسکری تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور امریکہ کے وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیتھ نے فون پر گفتگو کے دوران اس نئے دفاعی اور اسٹریٹجک معاہدے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے۔

یہ معاہدہ آئندہ سال ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں باضابطہ طور پر دستخط کیا جائے گا۔ اس گفتگو کے دوران راجناتھ سنگھ نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ تیجس لڑاکا طیاروں میں استعمال ہونے والے جی ای-ایف 404 انجن کی فراہمی میں تیزی لائی جائے، کیونکہ انجنوں کی تاخیر کی وجہ سے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ ہندوستانی فضائیہ کو تیزس مارک-1اے طیارے وقت پر فراہم نہیں کر سکا ہے۔

اس کے ساتھ ہی راجناتھ سنگھ نے امریکہ کی جی ای کمپنی اور ہندوستان کی ایچ اے ایل کے درمیان ایف 414 انجن کی مشترکہ تیاری سے متعلق معاہدے کو بھی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ ہندوستان کو جنوبی ایشیا میں اپنا سب سے اہم دفاعی شراکت دار تصور کرتا ہے۔

دونوں ممالک نے دفاعی سازوسامان کی فروخت، دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون، لاجسٹکس، تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، دونوں وزرائے دفاع نے فروری 2025 میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان طے کیے گئے دفاعی اہداف پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

دونوں ممالک کی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں علاقائی سلامتی، اسٹریٹجک استحکام اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان عسکری روابط کو گہرا کرے گی بلکہ انڈو-پیسفک خطے میں طاقت کے توازن کو بھی تقویت بخشے گی۔