نئی دہلی:لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سعودی–ہندوستان پارلیمانی دوستی گروپ کی میٹنگ میں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات صدیوں پرانے ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی روابط کی بنیاد پر کھڑے ہیں۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، برلا نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری رہتے ہیں، جو وہاں کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کے پارلیمانی وفد کی قیادت عبد الرحمن بن سنحت الحارث نے کی۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا، ’’ہندوستان اور سعودی عرب کے رشتے صدیوں پرانے ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی جڑاؤ پر کھڑے ہیں، جو آج مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے ہندوستانی کمیونٹی کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کا ثبوت ہے۔ بیان کے مطابق، بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ گزشتہ برسوں میں اعلیٰ سطحی مکالموں نے شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
برلا نے کہا کہ دفاع، توانائی اور ہنر مندی کے فروغ جیسے شعبوں میں تعاون تیزی سے بڑھ رہا ہے اور آنے والے وقت میں یہ شراکت داری مزید وسیع ہوگی۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان کا ’آتم نربھر بھارت‘ اور سعودی عرب کا ’وژن 2030‘ دونوں ممالک کی ترقی کے یکساں وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ اہداف مستقبل میں اقتصادی اور تکنیکی تعاون کو کئی گنا بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا اور جاندار جمہوریت ہے، جہاں مختلف زبانیں اور ثقافتیں مل کر کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، یہی تنوع ہماری پارلیمنٹ میں بھی صاف نظر آتا ہے۔