ہندوستان کی سفارتی اعلی ظرفی، عمران کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2021
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان

 



 

نئی دہلی۔ ہندوستان نے آج پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی طیارے کو ہندوستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان آج سری لنکا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اس سے قبل اجازت نہ ملنے پر کمرشل فلائٹ سے جانے کا پروگرام بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں تلخی آنے کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے لئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں ۔ حالانکہ پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستان کی درخواست پر پاکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کرغزستان کے دورے کے لئے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دے دی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنا راستہ تبدیل کر دیا تھا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ سری لنکا دورہ کئی اعتبارات سے اہمیت کا حامل ہے- گزشتہ دنوں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمران خان کا سری لنکا کی پارلیمنٹ کو خطاب کا خواب ادھورا رہ گیا- پاکستانی سفارت کاری کی اس ناکامی کے بعد ہندوستان پر بہتان تراشی شروع ہو گیئ تھی- لیکن آج ہندوستان نے سفارتی اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے سری لنکا کے دورے کو مزید آسان بنا دیا ہے۔  

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم راجا پکسے مجھے مدعو کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں پاکستان - سری لنکا دوستی کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے باہمی اشتراک کو آگے بڑھانے کے لیے سری لنکا کے اپنے دورے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم سری لنکا کے وزیر اعظم کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کر رہے ہیں- وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔