اقوام متحدہ میں پاکستان کو ہندوستان کا کرارا جواب

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2021
اقوام متحدہ میں پاکستان کو ہندوستان کا کرارا جواب
اقوام متحدہ میں پاکستان کو ہندوستان کا کرارا جواب

 

 

نیویارک: ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان اور اس کے وزیر اعظم عمران خان کو لتاڑ لگائی ہے ، جنہوں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے کشمیر کا راگ الاپا تھا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں ہندوستان نے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دیتے ہوئے پہلی کمیٹی کے رائٹ ٹو ریپلائی کے تحت جواب میں کہا کہ ایک طرف پاکستان کے مستقل نمائندے امن کی بات کرتے ہیں جبکہ ان کے وزیراعظم اسامہ بن لادن جیسے دہشت گردوں کی تعریف کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن میں کونسلر اے امرناتھ نے کہا کہ عالمی دہشت گردی کا مرکز ہونے کے ناطے ، پاکستان ،اقوام متحدہ کے اصولوں سے قطع نظر ، بار بار اپنے پڑوسیوں کے خلاف سرحد پار دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد کثیر الجہتی فورم سے جھوٹ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے اور اس طرح کی کاروائیاں اجتماعی توہین کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر اور لداخ کے حوالے سے ہندوستان پر کئی بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔

یہ جواب کے مستحق نہیں ہیں کیونکہ یہ ہندوستان کے اندرونی معاملات سے متعلق ہیں۔ میں یہاں اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ جموں و کشمیر کا پورا خطہ ہندوستان کا ایک لازمی حصہ تھا ، ہے اور رہے گا۔ اس میں وہ علاقہ بھی شامل ہے جو پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی تخفیف اسلحہ ، عالمی چیلنجز اور امن کو درپیش خطرات سے متعلق ہے جو بین الاقوامی برادری کو متاثر کرتی ہے اور بین الاقوامی سلامتی کے نظام میں چیلنجوں کا حل تلاش کرتی ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ میں بھارت کی فرسٹ سکریٹری اسنیہا دوبے نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سرزنش کی تھی۔ کشمیر کی راگ الاپنے والے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے بھارت نے کہا تھا کہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی مذموم پالیسیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں دہشت گرد آزادانہ گھومتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔