ہندوستان نے بنگلہ دیش کے الزامات کو مسترد کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے الزامات کو مسترد کیا
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے الزامات کو مسترد کیا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
ہندوستان نے بنگلہ دیش کے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ کولکتہ اور نئی دہلی میں عوامی لیگ سے وابستہ دفاتر "بنگلادیش مخالف سرگرمیوں" میں ملوث تھے۔ وزارتِ خارجہ  نے ڈھاکہ کے الزام کو غلط قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ہندوستانی سرزمین سے ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے اور بنگلہ دیش میں آزاد، منصفانہ اور جامع انتخابات کے لیے اپنی حمایت دہرائی۔
بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ نے دن میں ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ہندوستان میں عوامی لیگ سے وابستہ دفاتر چلائے جا رہے ہیں، مبینہ طور پر سرحد پار پناہ لینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے ذریعے۔ ڈھاکا نے نئی دہلی سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی لیگ سے منسلک ان مراکز کو فوراً بند کرنے کو یقینی بنائے اور خبردار کیا کہ یہ بنگلادیش کے عوام اور ریاست کے خلاف توہین ہیں۔
بنگلادیشی وزارتِ خارجہ نے ایکس  پر ایک پوسٹ میں لکھا كہ ممنوعہ بنگلادیش عوامی لیگ کی ہندوستانی سرزمین پر سرگرمیاں، بنگلادیش اور ہندوستان کے درمیان طویل المدتی دوستی اور مختلف النوع تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔
ڈھاکہ کے مطابق، ممنوعہ سیاسی جماعت کے مفرور اراکین ہندوستان میں ایسی مہمات چلا رہے تھے جو بنگلادیش کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی تھیں اور ان کے مبینہ دفاتر کولکاتا اور نئی دہلی میں قائم تھے۔
بیان میں کہا گیا كہ بنگلادیشی شہریوں، بالخصوص کسی ممنوعہ سیاسی جماعت کے مفرور رہنماؤں/کارکنوں کی جانب سے قانونی یا غیر قانونی طور پر ہندوستانی سرزمین پر رہتے ہوئے دفاتر قائم کرنے سمیت بنگلادیش کے مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی، بنگلادیش کے عوام اور ریاست کے خلاف ایک کھلی توہین ہے۔
مزید کہا گیا کہ یہ واقعہ ہندوستان کے ساتھ باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی خوشگوار ہمسائیگی تعلقات کے لیے بھی خطرہ ہے اور بنگلادیش میں جاری سیاسی تبدیلی پر اس کے سنگین اثرات پڑ سکتے ہیں۔ یہ معاملہ بنگلہ دیش میں عوامی جذبات کو بھی بھڑکا سکتا ہے، جو بالآخر دونوں قریبی ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ لہٰذا بنگلادیش حکومت ہندوستانی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ فوری اقدام کرے تاکہ ہندوستانی سرزمین پر رہتے ہوئے کوئی بھی بنگلادیشی شہری بنگلادیش مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہ ہو۔
ہندوستان کا ردِعمل
ہندوستان نے ڈھاکہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ایسی سرگرمیوں کی کوئی معلومات نہیں ہے اور کسی بھی صورت میں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ حکومتِ ہندوستان کو عوامی لیگ کے مبینہ اراکین کی طرف سے بنگلادیش مخالف کسی سرگرمی یا ہندوستانی قوانین کی خلاف ورزی کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکومت ہندوستانی سرزمین سے دوسرے ممالک کے خلاف کسی بھی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دیتی۔
اس الزام کو "غلط" قرار دیتے ہوئے نئی دہلی نے بنگلادیش کے سیاسی مستقبل پر اپنی پوزیشن دہراتے ہوئے کہا کہ عوام کی مرضی اور مینڈیٹ جاننے کے لیے جلد از جلد بنگلہ دیش میں آزاد، منصفانہ اور جامع انتخابات کرائے جائیں۔
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی قیادت والی عوامی لیگ گزشتہ سال طلبہ کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں کے بعد سے مسلسل دباؤ میں ہے۔ بڑھتی ہوئی بے چینی اور آمرانہ طرزِ حکمرانی کے الزامات کے درمیان حسینہ نے استعفیٰ دے دیا اور اس کے بعد سے جلاوطنی میں ہیں۔ دوسری جانب حسینہ اور ان کی جماعت نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو سیاسی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ الزامات ان کے اثر و رسوخ کو بنگلادیش کی سیاست سے ختم کرنے کے لیے مخالفین اور اسلامی قوتوں کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہیں۔