نئی دہلی: ہندوستان نے اقوامِ متحدہ کی ماحولیات اسمبلی (UNEA-7) کو آگاہ کیا ہے کہ عالمی ماحولیاتی حل ’’عوام پر مبنی‘‘ اور مساوات کے اصولوں پر قائم ہونے چاہئیں، جن کے لیے ترقی پذیر ممالک کو آسان مالی معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کی جانب سے قومی بیان پیش کرتے ہوئے ماحولیات کے وزیرِ مملکت کیرتی وردھن سنگھ نے جمعرات کو نیروبی، کینیا میں کہا کہ ‘‘UNEA-7’’ کا موضوع ’ایک مضبوط کرۂ ارض کے لیے پائیدار حل کو آگے بڑھانا’ — ہندوستان کے فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے اور جامع، موسمیاتی طور پر لچکدار ترقی کو فروغ دینے کے دیرینہ عزم کے مطابق ہے۔
سنگھ نے کہا، ہندوستان UNEA-7 میں اس مضبوط یقین کے ساتھ شریک ہو رہا ہے کہ ماحولیاتی حل کا مرکز انسان ہی ہونا چاہیے۔ عالمی اقدامات کرتے وقت مساوات، مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں، ہر ملک کی صلاحیت اور اس کی مخصوص صورتحال کے احترام جیسے اصولوں کی پابندی ضروری ہے۔’ انہوں نے کہا کہ یہ اصول عزم میں اضافہ کرتے ہیں، اعتماد کو فروغ دیتے ہیں اور کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بناتے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں ہندوستان نے ملک کے اندر جو اقدامات کیے ہیں، وہ دکھاتے ہیں کہ مضبوط قومی کوششوں سے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان پہلے ہی غیر فوسل ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کی 235 گیگا واٹ کی نصب شدہ صلاحیت حاصل کر چکا ہے، جو اپنے ہدف سے کافی آگے ہے۔
سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی "ایک پیڑ ماں کے نام" مہم ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا، اس منصوبے کے تحت بگڑے ہوئے زمینی مناظر کی بحالی اور ماحولیاتی لچک میں اضافہ کرنے کے لیے 2.6 ارب سے زیادہ پودے لگائے جا چکے ہیں۔