برمنگھم: اپریل میں پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے تناظر میں شیکھر دھون سمیت متعدد ہندوستانی اسٹار کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد ورلڈ لیجنڈز چیمپئن شپ (ڈبلیو سی ایل) میں ہندوستان اور پاکستان کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والا اتوار کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن اس چیمپئن شپ کے شریک مالک ہیں، جس کا دوسرا سیزن 18 جون کو ایجبسٹن میں شروع ہوا تھا۔ اس کا فائنل 2 اگست کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ فاتح یوراج سنگھ اس چیمپئن شپ میں "انڈیا چیمپئنز" ٹیم کے کپتان ہیں، جس میں ہر بھجن سنگھ، عرفان پٹھان، سریش رینا، رابن اُتھپا اور ورون آرون جیسے معروف سابق کھلاڑی شامل ہیں۔
ڈبلیو سی ایل کے منتظمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابق ٹوئٹر) پر ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے میچ کی منسوخی کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا: ہمارا مقصد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک مثبت یادگار لمحہ تخلیق کرنا تھا۔
چونکہ حال ہی میں دونوں ممالک والی بال اور دیگر کھیلوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں، ہم نے سوچا کہ لیجنڈز چیمپئن شپ میں بھی ایک دوستانہ مقابلہ کرایا جائے۔ مگر لگتا ہے کہ اس فیصلے سے کچھ لوگوں کی جذباتی دل آزاری ہوئی۔ مزید کہا گیا: ہم ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس فیصلے سے دکھ پہنچا۔ ہم صرف شائقین کو خوشی کے چند لمحے دینا چاہتے تھے۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان، سہیل تنویر، وہاب ریاض، کامران اکمل شامل ہیں۔ ہندوستان کے سابق اوپنر شیکھر دھون نے 'ایکس' پر جاری ایک بیان میں کہا: میں باضابطہ طور پر تصدیق کرتا ہوں کہ میں ڈبلیو سی ایل میں پاکستان کے خلاف کوئی میچ نہیں کھیلوں گا۔ ہم نے 11 مئی 2025 کو واٹس ایپ اور فون کے ذریعے اس فیصلے سے منتظمین کو آگاہ کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پہلگام حملے اور آپریشن سندور کے بعد ہندوستان-پاکستان کے درمیان موجودہ جغرافیائی سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا: موجودہ کشیدہ حالات اور سرحدی تنازع کے باعث میں اور میری ٹیم نے یہ فیصلہ کیا۔
ہم لیگ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے مؤقف کو سمجھا۔ راجیہ سبھا کے رکن اور لیجنڈ اسپنر ہر بھجن سنگھ اور سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے بھی پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، اگرچہ انہوں نے اس حوالے سے کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف کھیلنے پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس نے ان فیصلوں پر اثر ڈالا۔
پہلے سیزن میں ہندوستان نے ایجبسٹن میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ کھیل تعلقات بند ہیں، لیکن عالمی مقابلوں جیسے اولمپکس یا ورلڈ کپ میں وہ آمنے سامنے آتے ہیں۔
ہندوستانی حکومت نے اس سال ہونے والے ہاکی ایشیا کپ (اگست)، جونیئر ہاکی ورلڈ کپ (نومبر-دسمبر)، جونیئر شوٹنگ ورلڈ کپ (ستمبر) اور ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ (اکتوبر) میں پاکستان کی شرکت کی منظوری دے دی ہے۔ یاد رہے کہ اپریل میں پہلگام حملے میں 26 سیاح جاں بحق ہوئے تھے، تاہم اس بنیاد پر پاکستان کو کھیلوں میں شرکت سے روکنا اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی ہوتا، جس کی شق 44 میں کہا گیا ہے کہ نسل، مذہب یا سیاست کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو شرکت سے نہیں روکا جا سکتا۔
ویزا دینے سے انکار کی صورت میں ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کیے جانے اور مستقبل میں میزبانی کے مواقع کھونے کا خطرہ تھا۔ حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان-پاکستان کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گئے تھے، اور آئندہ خواتین ورلڈ کپ میں پاکستان کے تمام میچز کولمبو میں ہوں گے، حالانکہ ہندوستان اور سری لنکا میزبان ہیں۔