ہند- پاک جنگ بندی :سعودی کابینہ نےکیا خیر مقدم

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2025
ہند- پاک جنگ بندی :سعودی کابینہ  نےکیا  خیر مقدم
ہند- پاک جنگ بندی :سعودی کابینہ نےکیا خیر مقدم

 



ریاض : سعودی عرب نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا پرزور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ یہ بیان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا۔

سعودی کابینہ نے اپنے اعلامیے میں اس بات کا اعادہ کیا کہ "سعودی عرب بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔"

اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی تھی کہ "یہ اقدام خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کی راہ ہموار کرے گا۔"

وزارت خارجہ نے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دانش مندی اور تحمل کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب تنازعات کے حل کے لیے پرامن اور سفارتی ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ "اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر عمل سے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔"

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔ بات چیت میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، تصادم سے بچنے اور عسکری تناؤ کو ختم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق، سعودی وزیر اطلاعات و رکن کابینہ ڈاکٹر عصام سعید نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں علاقائی و عالمی حالات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔