ہندوستان۔اسرائیل ایف ٹی اے کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2025
ہندوستان۔اسرائیل ایف ٹی اے کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے
ہندوستان۔اسرائیل ایف ٹی اے کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے

 



نئی دہلی: تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل کے اس ہفتے تل ابیب کے تین روزہ دورے کے دوران مجوزہ ہندوستان۔اسرائیل آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کی پیش رفت کا جائزہ لیے جانے کی امید ہے۔ بدھ کو ایک سرکاری بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔

گوئل اسرائیل میں 60 رکنی تجارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ وہاں وہ رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اختراع کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ دورہ 22 نومبر کو مکمل ہوگا۔ وزارتِ تجارت نے کہا، مجوزہ ہندوستان۔اسرائیل آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان اور اسرائیل مئی 2010 سے اس معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں۔

اب تک آٹھ دور کی گفتگو ہو چکی ہے۔ دونوں ملکوں نے اکتوبر 2021 میں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ مالی سال 2024-25 کے دوران ہندوستان کی اسرائیل کو برآمدات 52 فیصد گھٹ کر 4.52 ارب ڈالر سے 2.14 ارب ڈالر رہ گئیں، اور درآمدات بھی 26.2 فیصد کم ہو کر 1.48 ارب ڈالر رہ گئیں۔

ہندوستان، ایشیا میں اسرائیل کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ دوطرفہ تجارت میں بنیادی طور پر ہیرے، پیٹرولیم مصنوعات اور کیمیکلز شامل ہیں، لیکن حالیہ برسوں میں الیکٹرانک مشینری، ہائی ٹیک مصنوعات، مواصلاتی نظام اور طبی آلات جیسے شعبوں میں بھی تجارت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ہندوستان سے اسرائیل کو اہم برآمدات میں موتی و قیمتی پتھر، موٹر گاڑیوں کا ڈیزل، کیمیائی و معدنی مصنوعات، مشینری و برقی آلات، پلاسٹک، ٹیکسٹائل، ملبوسات، بنیادی دھاتیں، ٹرانسپورٹ سامان اور زرعی مصنوعات شامل ہیں۔ گوئل اسرائیل کے وزیرِ صنعت نیر بَرکات سے بھی گفتگو کریں گے۔

اپنے اسرائیلی ہم منصب کے علاوہ ان کی کچھ دیگر وزیروں سے ملاقات کی بھی امید ہے۔ وہ زراعت، گندے پانی کے علاج، سائبر سیکیورٹی، ’’اسمارٹ موبیلٹی‘‘، بنیادی ڈھانچے وغیرہ جیسے شعبوں کی بڑی اسرائیلی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور بڑے اسرائیلی سرمایہ کاروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں گے۔

دونوں ممالک نے ستمبر میں ایک دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے (BIA) پر دستخط کیے تھے۔ اس کے تحت ہندوستان نے اسرائیلی سرمایہ کاروں کے لیے مقامی عمل درآمد کی مدت پانچ سال سے کم کرکے تین سال کردی ہے۔ اسرائیل، اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (OECD) کا پہلا رکن ملک ہے جس کے ساتھ ہندوستان نے یہ معاہدہ کیا ہے۔ اپریل 2000 سے جون 2025 کے دوران ہندوستان کو اسرائیل سے 337.7 ملین امریکی ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) موصول ہوئی۔