ہندوستان اور چین کو مل کر کام کرناچاہئے: پی ایم مودی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2025
ہندوستان اور چین کو مل کر کام کرناچاہئے: پی ایم مودی
ہندوستان اور چین کو مل کر کام کرناچاہئے: پی ایم مودی

 



ٹوکیو: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اور چین کا ایک ساتھ مل کر کام کرنا عالمی اقتصادی نظام میں استحکام لانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان، باہمی احترام، مفاد اور حساسیت کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل مدتی نقطۂ نظر کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

جاپان کے دورے کے دوران ’دی یومی اُری شِمبُن‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ یہ دونوں ہمسایہ اور دنیا کے دو سب سے بڑے ممالک ہیں، اس لیے ہندوستان اور چین کے درمیان مستحکم، پیش گوئی کے قابل اور دوستانہ تعلقات خطے اور عالمی امن و خوشحالی پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔

چین کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی اہمیت پر پوچھے گئے سوال پر مودی نے کہا، ’’صدر شی جن پنگ کی دعوت پر میں یہاں سے تیانجن جاؤں گا، جہاں میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کروں گا۔ گزشتہ سال کازان میں صدر شی سے میری ملاقات کے بعد سے ہمارے دو طرفہ تعلقات میں مسلسل اور مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ اور دنیا کے دو سب سے بڑے ممالک کے طور پر ہندوستان اور چین کے درمیان مستحکم، قابلِ اعتماد اور خوشگوار تعلقات خطے اور دنیا کی امن و خوشحالی پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ یہ ایک کثیر قطبی ایشیا اور کثیر قطبی دنیا کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا، عالمی معیشت میں موجودہ عدم استحکام کو دیکھتے ہوئے، ہندوستان اور چین جیسی دو بڑی معیشتوں کا ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہے تاکہ عالمی اقتصادی نظام میں استحکام لایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان باہمی احترام، مفاد اور حساسیت کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل مدتی زاویے سے آگے بڑھانے اور اسٹریٹجک مکالمے کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کو درپیش ترقیاتی چیلنجوں کا حل نکالا جا سکے۔