ہندوستان نے یواین کے معاون اداروں کے کام میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
ہندوستان نے یواین کے معاون اداروں کے کام میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کیا
ہندوستان نے یواین کے معاون اداروں کے کام میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کیا

 



اقوامِ متحدہ: ہندوستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے معاون اداروں کے کام میں ’’مزید شفافیت‘‘ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جہاں تنظیموں اور افراد کو دہشت گرد یا دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی درخواستیں بغیر واضح وجہ بتائے مسترد کر دی جاتی ہیں۔

اقوامِ متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے، سفیر پروتنےنی ہریش نے جمعہ (مقامی وقت کے مطابق) سلامتی کونسل کی طریقۂ کار سے متعلق کھلی بحث سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل اقوامِ متحدہ کے ڈھانچے کا مرکزی ستون ہے اور وہ بنیادی طور پر بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہے۔

ہریش نے کہا کہ چونکہ اس کے کام کا دائرہ وسیع ہے لیکن ارکان کی تعداد صرف 15 تک محدود ہے، اس لیے اس کی شفافیت، کارکردگی اور مؤثریت عالمی سطح پر اس کی ساکھ کے لیے نہایت اہم ہے۔ دنیا اس وقت کئی بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے اور ایسے حالات میں سلامتی کونسل کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔

انہوں نے معاون اداروں کی کارروائیوں میں شفافیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ‘‘اس کی ایک مثال وہ مبہم طریقہ کار ہے جس کی بنیاد پر تنظیموں اور افراد کو فہرست میں شامل کرنے کی درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں۔ فہرست سے نام نکالنے کے فیصلوں کے برعکس، فہرست میں شامل کرنے سے متعلق فیصلے نسبتاً غیر واضح ہوتے ہیں اور کونسل سے باہر کے رکن ممالک ان کی تفصیلات سے آگاہ نہیں ہوتے۔’’

ہریش نے مزید کہا کہ کونسل کی کمیٹیوں اور معاون اداروں کے چیئرمین اور عہدیدار اہم اور ذمہ دارانہ اختیارات کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل میں مفادات کے ٹکراؤ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے 15 رکنی سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی آٹھ دہائی پرانی ساخت کو عصری تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ کونسل موجودہ اور آئندہ چیلنجز کا مؤثر سامنا کر سکے اور اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کر سکے۔

ہریش نے مستقل اور غیر مستقل دونوں زمروں میں رکنیت میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے پابند طریقۂ کار اور تحریری مشاورت کے ذریعے کم نمائندگی والے اور غیر نمائندگی والے جغرافیائی خطّوں کو مناسب نمائندگی فراہم کی جانی چاہیے۔