ہند، برازیل نے 20 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی ہدف رکھا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-02-2026
ہند، برازیل نے 20 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی ہدف رکھا
ہند، برازیل نے 20 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی ہدف رکھا

 



نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کو برازیل کے صدر لویز اناسیو لولا ڈی سلوا کے ساتھ اہم معدنیات اور سلامتی کے شعبوں پر مرکوز وسیع مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں بھارت اور برازیل نے اگلے پانچ سالوں میں 20 ارب امریکی ڈالر سے زائد کے دو طرفہ تجارتی ہدف کا تعین کیا۔

مودی نے کہا کہ صدر لولا کی دوراندیش سوچ اور متاثر کن قیادت سے بھارت اور برازیل کے تعلقات کو طویل عرصے سے فائدہ پہنچتا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برازیل لاطینی امریکہ میں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

وزیراعظم نے مذاکرات کے بعد میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا، ‘‘ہم اگلے پانچ سالوں میں بھارت-برازیل تجارت کو 20 ارب امریکی ڈالر سے زائد تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔’’ انہوں نے زور دیا کہ جب بھارت اور برازیل مل کر کام کرتے ہیں، تو ‘گلوبل ساؤتھ’ کی آواز مضبوط ہوتی ہے۔

‘گلوبل ساؤتھ’ کا لفظ عموماً اقتصادی طور پر کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی اور اس کے حمایتی پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔