نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اب ہندوستان دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ ہندوستان نے اقتصادی لحاظ سے جاپان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب ہندوستان سے آگے صرف تین ممالک ہیں — امریکہ، چین اور جرمنی۔ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر یہ اطلاع شیئر کی ہے۔
ریکھا گپتا نے آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک گرافک شیئر کیا ہے، جس کے مطابق ہندوستان کی معیشت 4.187 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جبکہ جاپان کی معیشت 4.186 ٹریلین ڈالر پر ہے، یوں ہندوستان نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا دن: گپتا
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنے ایکس پوسٹ میں کہا کہ یہ ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا دن ہے۔ انہوں نے لکھا کہ آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان اب جاپان کو پیچھے چھوڑ کر 4.187 ٹریلین ڈالر کی جی ڈی پی کے ساتھ دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں ہے بلکہ یہ اس راستے کی جھلک ہے جس پر ہم وزیرِاعظم نریندر مودی جی کی قیادت میں چلے ہیں۔ ان کے بہادرانہ فیصلے، مضبوط ارادے اور 140 کروڑ بھارتیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد نے اس تبدیلی کو ممکن بنایا ہے۔
ہندوستان سے آگے صرف تین ممالک باقی
ہندوستان سے آگے جو تین ممالک ہیں، ان میں سب سے اوپر 30.57 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے ساتھ امریکہ ہے۔ دوسرے نمبر پر چین ہے جس کی معیشت 19.231 ٹریلین ڈالر کی ہے، اور تیسرے نمبر پر جرمنی ہے جس کی معیشت کا حجم 4.744 ٹریلین ڈالر ہے۔
دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں چھٹے نمبر پر برطانیہ، ساتویں پر فرانس، آٹھویں پر اٹلی، نویں پر کینیڈا اور دسویں پر برازیل ہے۔
۔2027 تک 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کا امکان
آئی ایم ایف نے اندازہ لگایا ہے کہ ہندوستان کی معیشت 2027 تک 5 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے، اور اس وقت جی ڈی پی کا حجم 5,069.47 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ 2028 تک ہندوستان کی جی ڈی پی 5,584.476 ارب ڈالر تک پہنچنے کی بھی امید ہے۔
۔6.2 فیصد جی ڈی پی گروتھ ریٹ کا اندازہ
آئی ایم ایف کا اندازہ ہے کہ 2025 میں ہندوستان کی جی ڈی پی گروتھ ریٹ 6.2فیصد رہے گی۔ وہیں یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں — امریکہ اور چین — آئندہ ایک دہائی تک اپنی رینکنگ برقرار رکھیں گی۔