مسقط ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے عمان کے دورے کے دوران بھارت اور عمان کے درمیان سمندری ورثے زراعت اعلیٰ تعلیم زرعی خوراک کی اختراع اور سمندری تعاون سے متعلق چھ اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں میں ایک جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ جمعرات کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق السید کی موجودگی میں ان معاہدوں پر دستخط عمل میں آئے۔
جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت تجارتی رکاوٹوں میں کمی لائی جائے گی اور ایک مستحکم فریم ورک کے ذریعے باہمی تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے کا ہدف معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں مواقع پیدا کرنا اقتصادی ترقی کو رفتار دینا روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے بہاؤ کو بڑھانا ہے۔
بھارت اور عمان نے سمندری ورثے اور عجائب گھروں کے شعبے میں ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد لوتھل میں قائم نیشنل میری ٹائم ہیریٹیج کمپلیکس سمیت بحری عجائب گھروں کے لیے باہمی شراکت داری قائم کرنا ہے۔ اس کے تحت مشترکہ سمندری ورثے کے فروغ سیاحت کے استحکام اور دو طرفہ ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نوادرات اور مہارت کے تبادلے مشترکہ نمائشوں تحقیق اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا مقصد زراعت مویشی پروری اور ماہی پروری کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا جبکہ باغبانی مربوط کاشتکاری کے نظام اور مائیکرو اریگیشن کو بھی تقویت دی جائے گی۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں طے پانے والے معاہدے کا مقصد فیکلٹی محققین اور اسکالرز کے تبادلے کو آسان بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق خصوصاً اطلاقی تحقیق کو فروغ دیا جائے گا تاکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں نیا علم اور اختراعی طریقے سامنے آئیں جو انسانی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف کو آگے بڑھا سکیں۔
بھارت اور عمان نے باجرے کی کاشت اور زرعی خوراک کی اختراع میں تعاون کے لیے ایک ایگزیکٹو پروگرام پر بھی دستخط کیے۔ اس پروگرام کا مقصد باجرے کی پیداوار تحقیق اور فروغ کے لیے تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اس میں بھارت کی سائنسی مہارت اور عمان کے موافق زرعی موسمی حالات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مؤثر فریم ورک تیار کیا جائے گا۔
دونوں ممالک نے میری ٹائم تعاون سے متعلق ایک مشترکہ وژن دستاویز کو بھی اختیار کیا ہے۔ اس دستاویز کا مقصد علاقائی میری ٹائم سکیورٹی سمندری معیشت اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔