کینبرا/ آواز دی وائس
ہندوستان اور آسٹریلیا نے جمعرات کے روز اپنے دوطرفہ دفاعی تعاون اور عسکری باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں ممالک نے تین اہم معاہدوں پر دستخط کیے اور "کواڈ" ممالک کے درمیان موجود تزویراتی یکجہتی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات اُس وقت ہوئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے اس بات کے اشارے دیے ہیں کہ امریکہ اب چین کا مقابلہ کرنے والی انڈو پیسفک حکمتِ عملی میں پہلے جیسا سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔
کینبرا میں ہونے والی وفد سطح کی ملاقات کے دوران ہندوستان کے وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ اور ان کے آسٹریلوی ہم منصب رچرڈ مارلس نے خفیہ معلومات کے تبادلے، باہمی آبدوز تلاش و بچاؤ تعاون، اور مشترکہ اسٹاف مکالمہ نظام کے قیام سے متعلق تین اہم معاہدوں پر دستخط کیے۔ دونوں ممالک اب مشترکہ سمندری سلامتی تعاون کے روڈ میپ کو حتمی شکل دینے اور 2009 کے سکیورٹی معاہدے کی جگہ لینے والے طویل المدتی دفاعی فریم ورک پر بھی کام کر رہے ہیں۔
امریکہ کے ساتھ بڑھتے محصولات (ٹیرِف) کے تنازع اور سفارتی کشیدگی کے درمیان ہندوستان اب آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور فلپائن جیسے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ دفاعی تعاون کو تیز کر رہا ہے۔ یہ تمام ممالک چین کے انڈو پیسفک خطے میں پھیلاؤ والے رویے سے فکرمند ہیں۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کا یہ آسٹریلیا کا دورہ 2014 کے بعد کسی ہندوستانی وزیرِ دفاع کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم مودی نے 29 اگست کو جاپان کے ساتھ بھی سلامتی تعاون پر ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے تھے۔
مارلس نے کہا تھا کہ چین دونوں ممالک کے لیے سب سے بڑی سلامتی کی تشویش ہے۔ دونوں وزرائے دفاع نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک آزاد، کھلا، مستحکم اور خوشحال انڈو پیسفک برقرار رکھنے کے لیے علاقائی تعاون کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے سمندری جہاز رانی کی آزادی، فضائی پروازوں کی سلامتی اور آزادانہ تجارت کی حمایت کی، ساتھ ہی کواڈ ممالک کے درمیان سمندری نگرانی بڑھانے اور آئندہ ماہ ہونے والی "مالابار" بحری مشقوں کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
راجناتھ سنگھ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم نے دفاعی صنعت، سائبر سکیورٹی، سمندری تعاون اور علاقائی چیلنجز سمیت ہندوستان-آسٹریلیا شراکت داری کی مکمل ساخت کا جائزہ لیا۔ ہم نے اپنی جامع تزویراتی شراکت داری کو دہرایا۔ ہندوستان دنیا سے اپیل کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف متحد ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، دہشت اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اور پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔
۔2020 میں طے پانے والے عسکری لوجسٹک تعاون معاہدے کے بعد اب دونوں ممالک نے اپنی فضائی افواج کے درمیان "ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ" (ہوا میں ایندھن بھرنے) کے معاہدے پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ راجناتھ سنگھ کو کے سی -30اے ملٹی رول ٹرانسپورٹ اور ٹینکر طیارے سے پرواز کے دوران ایف -35 لڑاکا طیارے کو فضا میں ایندھن بھرنے کا مظاہرہ بھی دکھایا گیا۔