عمران خان کے قریبی ساتھی فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-12-2025
عمران خان کے قریبی ساتھی فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا
عمران خان کے قریبی ساتھی فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا

 



اسلام آباد/ آواز دی وائس
پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق چیف فیض حمید کا فوجی ٹرائل مکمل ہو گیا ہے اور انہیں 14 سال کے سخت قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ فیض حمید نے بھی وہی غلطیاں دہرائیں جو پاکستان میں آرمی اور خفیہ اداروں کے طاقتور عہدیداروں کے ساتھ اکثر جوڑی جاتی ہیں۔
اپنے اصل کام سے ہٹ کر سیاست میں مداخلت کرنا، حساس خفیہ معلومات لیک کرنا، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال، اور لوگوں کو ناجائز طور پر نقصان پہنچانا۔ ان کے ’’گناہوں کا گھڑا‘‘ بھر چکا تھا۔ انہیں شاید آج بھی وہ لمحہ یاد آ رہا ہو گا جب افغانستان پر طالبان کے قبضے کے فوراً بعد ان کی کابل میں چائے پیتے ہوئے تصویر وائرل ہوئی تھی۔
فیض حمید اور عمران خان کی قربت
فیض حمید کو جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کا قریبی ساتھی مانا جاتا تھا۔ یہ بھی خبریں تھیں کہ عمران خان انہیں اگلا آرمی چیف بنانے کی تیاری کر رہے تھے۔لیکن جب عمران خان خود ہی جیل چلے گئے، تو فیض حمید کے بُرے دن بھی شروع ہو گئے۔ نومبر 2022 میں جب جنرل عاصم منیر آرمی چیف بنے تو فیض حمید کو آئی ایس آئی چیف کے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی منیر کو پہلے آئی ایس آئی سے ہٹا کر حمید کو بٹھایا گیا تھا۔
۔15 مہینے تک چلنے والی کارروائی
۔12 اگست 2024 کو سابق آئی ایس آئی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شروع ہوئی۔ یہ مقدمہ کل 15 ماہ تک چلتا رہا۔
آخرکار 11 دسمبر کو فوجی عدالت نے انہیں تمام چار الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال سخت قید کی سزا سنائی۔
ان پر ثابت ہونے والے چار الزامات یہ ہیں
سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا
حساس اطلاعات لیک کر کے سرکاری خفیہ قانون کی خلاف ورزی
اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال
افراد کو ناجائز طور پر نقصان پہنچانا
معلومات کے مطابق فیض حمید کو اس پورے عمل میں مکمل قانونی حقوق دیے گئے۔ انہیں اپنی پسند کی وکلا کی ٹیم بھی ملی، مگر وہ ٹیم بھی انہیں نہیں بچا سکی۔ انہیں اب فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے، لیکن ان کے مسائل کم ہونے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ ان پر سیاسی تحریکوں کو بڑھاوا دینے، سیاسی عناصر سے ملی بھگت اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے جیسے معاملات الگ سے دیکھے جا رہے ہیں۔
کابل کی ’چائے‘پاکستان کے لیے مہنگی غلطی
اگست 2021 میں جب امریکی فوج افغانستان سے واپس گئی اور طالبان نے اقتدار سنبھال لیا، تو کچھ ہفتوں بعد اس وقت کے آئی ایس آئی چیف فیض حمید طالبان کی دعوت پر کابل پہنچے تھے۔
انہیں دیگر پاکستانی حکام کے ساتھ ایک ہوٹل میں چائے پیتے دیکھا گیا تھا۔ وہ تصاویر بہت وائرل ہوئیں۔ آج، جب طالبان اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں، تو پاکستان کی حکومت کو وہ ’’چائے‘‘ یاد آ رہی ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستان کے وزیر دفاع اسحاق ڈار نے اعتراف کیا کہ کابل میں ’’چائے کا کپ‘‘ پاکستان کے لیے ایک بھاری غلطی ثابت ہوا۔ ڈار، جو کہ وزیر خارجہ بھی ہیں، نے کہا کہ ایسی غلطیاں دوبارہ نہیں ہونی چاہئیں۔