سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے:عمران خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-04-2022
  سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے:عمران خان
سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے:عمران خان

 


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق چیف جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کردیا۔

اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔اس پیغام میں انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی کی منظوری کے بعد جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام تجویز کیا گیا فواد چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں وزیراعظم نے نگران وزیراعظم کا نام تجویز کیا۔ ادھر وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کردیا۔

 

علامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے صدرمملکت کے خط کے جواب میں جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام تجویز کیا۔ خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھا تھا۔

خط کے متن میں تحریر تھا کہ آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت اسمبلیاں توڑی جاچکی ہیں، عمران خان آرٹیکل 224 اے کے تحت نگراں وزیراعظم کی تقرری تک برقرار رہیں گے۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ کمیٹی کے ممبران کی نامزدگی وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کریں گے۔

قواعد کے مطابق کسی ایک نام پر 3 دن میں اتفاق نہ ہو تو دونوں شخصیات دو دو نام کمیٹی کو بھیجیں گی۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط پر ردِ عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز نے کہا تھا کہ آئین شکن صدر کے خط کا جواب کیسے دیں۔