عمران کواندیشہ،پاکستان ہوسکتا ہے بھکمری کا شکار

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
عمران خان کواندیشہ،پاکستان ہوسکتا ہے بھکمری کا شکار
عمران خان کواندیشہ،پاکستان ہوسکتا ہے بھکمری کا شکار

 

 

اسلام آباد :وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ڈر ستا رہا ہے کہ پاکستان بھکمری کا شکار ہوسکتا ہے۔ انھوں نے اس اندیشے کا اظہاربرملا کربھی دیا۔

عمران خان نےکہاہے کہ وہ اسلام کے نام کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنے کے قائل نہیں ہیں‘آج دین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہمارے حالات ابتر ہیں‘ہمیں بڑی قوم بننے کیلئے صادق اور امین بننا ہوگا ‘ اگر اسی طرح آبادی بڑھتی رہی اور پیداوار کی شرح میں اضافہ نہ ہواتوآئندہ برسوں میں پاکستان میں بہت بھوک ہوگی۔

پچھلے ایک سال میں اشیائے خوردنی کی قیمتیں پچھلے 20 سال کے مقابلے میں زیادہ بڑھی ہیں‘بڑے بڑے مافیاز قانون کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور اس کی بالادستی نہیں چاہتے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں کسان کنونشن اور کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کسانوں میں کسان کارڈز اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے موٹر سائیکلز کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اگر پیداوار میں اضافہ نہ ہوااورآبادی اسی طرح بڑھتی رہی توپھر آگے بھوک اور افلاس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘

عمران خان کا کہناتھاکہ سچے اور غیرت مند لوگ ہی مضبوط قوم بنا سکتے ہیں، ہمیں عظیم قوم بننے کیلئے اپنے اخلاق کو بلند کرنا اوررشوت ستانی کو ختم کرنا ہوگا۔

انھوں نے مزیدکہا کہ رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار ہونے کے باوجود ہمیں گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے، اسی طرح دالیں، گھی اور دیگر اشیائے خوردنی بھی درآمد کرتے ہیں، بیرونی منڈیوں میں قیمتیں بڑھنے سے یہاں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ہمیں اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ کرنا ہوگا‘ملک میں اگر اناج اگائیں تو بیرونی قیمتوں کا ہمارے اوپر اثر نہیں پڑے گا۔ (ایجسنی ان پٹ)